اسلام آباد (زبیر قصوری) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر کاؤنٹر ٹیررازم ونگ لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نارتھ پنجاب کے امیر سید عنایت الحق شاہ عرف سلطان پوری کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔ وہ ایف آئی اے سی ٹی ڈبلیو لاہور کے مقدمہ نمبر 06/2026 میں مطلوب تھے۔ایف آئی آر کے مطابق اکتوبر 2025 میں مریدکے میں ٹی ایل پی کی پرتشدد سرگرمیوں کے تناظر میں تنظیم کی قیادت اور متعلقہ افراد کی مالی سرگرمیوں کی چھان بین کے دوران ذاتی اور متعلقہ مذہبی و مدرسہ اکاؤنٹس سے بڑی نقد رقوم نکلوانے کا انکشاف ہوا۔ریکارڈ کے مطابق 13 اور 14 اکتوبر 2025 کو ذاتی اور خاندان کے زیر کنٹرول مذہبی و مدرسہ اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 34 لاکھ روپے نقد نکالے گئے۔