کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے رکن مرکزی کمیٹی و وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے، جلد انتظامی یونٹس کے قیام کے حق میں ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد کریں گے۔ ان کے بننے سے عوام کو مسائل کے حل کیلئے بہتر سہولیات ملیں گی اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی سمیت پورا پاکستان جس صورتحال سے گزر رہا ہے، اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ انتظامی یونٹ بہت بڑے ہیں ایک وزیر اعلیٰ کروڑوں لوگوں کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےاتوار کو ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کی بات اب صرف ایم کیو ایم پاکستان تک محدود نہیں رہی، ملک میں اس پر سنجیدہ بحث شروع ہوچکی ہے۔ جس طرح ملک کی آبادی، شہروں کا حجم اور عوام کی ضروریات بڑھ رہی ہیں، اسی طرح انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ کراچی ایسا شہر ہے جس سے پورا ملک جڑا ہوا ہے، یہاں سے ملک کی معیشت چلتی ہے لیکن کراچی کے اپنے بنیادی مسائل آج بھی حل طلب ہیں۔