لاہور(خبرنگار)سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ داتا دربار کی تاریخی و روحانی عظمت کو برقرار رکھتے ہوئے جاری تمام ترقیاتی و تزئین و آرائش کے منصوبے زائرین کی سہولت، حفاظت اور خوشگوار ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جا رہے ہیں اور تمام کام بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب وزیراعظم پاکستان محمد اسحاق ڈار کی خصوصی ہدایت پر مزارِ حضرت علی ہجویریؒ کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزارِ اقدس پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی؛ انہوں نے کہا کہ دربارِ حضرت داتا گنج بخشؒ سے صدیوں سے محبت، امن، روحانیت اور انسانیت کا پیغام وابستہ ہے اور یہ مقدس آستانہ کروڑوں عقیدت مندوں کے لیے قلبی سکون اور روحانی وابستگی کا عظیم مرکز ہے۔ بعد ازاں انہوں نے داتا دربار کے مختلف حصوں میں جاری تعمیراتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ دورہ داتا دربار کے دوران ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو اپنے لائن ورک کے مطابق مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی تھی، جس پر موثر اور فعال انداز میں عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ غلام گردش میں نفیس کیلی گرافک ماربل کی تنصیب سمیت مختلف اہم کام تیزی سے جاری ہیں، جبکہ جاری تعمیراتی مراحل کے باعث بعض داخلی راستوں اور دیگر سہولیات کو عارضی طور پر محدود کیا گیا ہے۔