• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیماری سے ڈریں، ڈاکٹر سے نہیں، بروقت علاج ضروری : پروفیسر توصیف فاطمہ

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)جناح ہسپتال لاہور کی پروفیسر آف سرجری پروفیسر ڈاکٹر توصیف فاطمہ نے کہا ہے کہ بیماری سے ڈریں، ڈاکٹر سے نہیں، بروقت علاج ضروری ، خواتین میں پتے کی پتھری، ہرنیا، غیر معمولی گلٹیاں ، چھاتی کا سرطان سمیت مختلف مسائل عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں پتے کی پتھری، ہرنیا، پیٹ کے مسائل، غیر معمولی گلٹیاں اور چھاتی کا سرطان سمیت مختلف جراحی مسائل عام ہیں، جبکہ علاج میں تاخیر ایک اہم مسئلہ ہے۔پروفیسر توصیف فاطمہ نے خود سے اینٹی بایوٹک اور درد کی ادویات استعمال کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غیرضروری یا غلط استعمال سے جراثیم میں ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں سرجری کے چار یونٹس کام کر رہے ہیں اور عام مریض کو سرجری کے لیے تقریباً تین سے چار ماہ انتظار کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم کینسر اور فوری نوعیت کے کیسز کو ترجیح دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرنسپل جناح ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم کی کاوشوں سے مریضوں کو بہتر سہولیات اور جدید جراحی وسائل کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ لیپروسکوپک سرجری کے نئے آلات بھی منگوائے جا رہے ہیں۔پروفیسر توصیف فاطمہ نے کہا کہ روبوٹک سرجری میں آپریشن روبوٹ خود نہیں کرتا بلکہ سرجن خصوصی کنسول کے ذریعے آلات کو کنٹرول کرتا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اللہ تعالیٰ پر توکل کے ساتھ طبی علاج بھی ضرور کروائیں اور بیماری کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے بروقت رجوع کریں۔
لاہور سے مزید