کراچی (نیوز ڈیسک) بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور قیامِ امن کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے پر چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر قومی پیغامِ امن کمیٹی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو چرچ آف پاکستان (ڈاؤسیس آف رائیونڈ) کی جانب سے خصوصی ایوارڈ اور شیلڈ پیش کی گئی ۔پاکستان میں مسیحی برادری کے معروف روحانی پیشوا اور چرچ آف پاکستان کے موڈریٹر اور صدر بشپ آرچ بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل نے طاہر اشرفی کو گلوبل پیس ایوارڈ سے نوازا۔اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران مختلف مذہبی و مسیحی رہنماؤں نے حافظ طاہر محمود اشرفی کی ملک میں امن و امان کے قیام، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ تقریب کے دوران مسیحی اور مسلم رہنماؤں نے باہمی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بین المذاہب رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔