اسلام آباد (مہتاب حیدر) سول سروس اصلاحات: انگریزی یا اردو میں سی ایس ایس کی تجویز، گریڈ 20سے اوپر عہدوں پر خصوصی بھرتی کیلئے نیشنل ایگزیکٹو سروس کی تجویز۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جمعرات کو پاکستان میں طویل عرصے سے متوقع سول سروس اصلاحات کے حوالے سے کثیر الجماعتی مشاورتی عمل کی قیادت کی۔ اجلاس میں حکومت نے خصوصی بھرتیوں کے نفاذ کے لیے ایک منصوبہ کو حتمی شکل دی، جس کے تحت کلسٹر کی بنیاد پر امتحانات یا ہر پیشہ ورانہ گروپ کے لیے الگ الگ امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔ اس عمل میں سی ایس ایس امتحان برقرار رہے گا، جبکہ امیدواروں کو امتحان کے لیے انگریزی یا اردو میں سے کسی ایک زبان کے انتخاب کا اختیار دیا جائے گا۔