کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 3بچوں کے قتل کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم محمد ہمایوں خان کو قتل میں استعمال ہونے والا آہنی سریا برآمد کرنے کے لیے پولیس حراست میں لے جایا گیا تھا۔ دورانِ کارروائی ملزم نے مبینہ طور پر ایک پولیس اہلکار سے پستول چھین لیا اور فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے فائرنگ کے بعد اہلکاروں نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں محمد ہمایوں خان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم سے چھینا گیا پولیس پستول اور قتل میں استعمال ہونے والا مبینہ آہنی سریا بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔