لاہور(آصف محمود بٹ) چینی قونصل جنرل لاہور مسٹرسن یان نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات ہر آزمائش میں مضبوط ہوئے، روشن مستقبل کے منتظر ہیں،چین کی ترقی عالمی معیشت کیلئے نئے مواقع پیدا کر رہی، پنجاب میں زراعت، صنعت، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔ سی پیک 2.0 کے تحت زراعت، صنعت و معدنیات پر توجہ، پنجاب میں نئی توانائی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون تیز کرنے کا اعلان۔ چین پاکستان تعلقات نے گزشتہ 75 برسوں کے دوران باہمی اعتماد، تعاون اور حمایت کی بنیاد پر مسلسل استحکام حاصل کیا ہے، دونوں ممالک کی آہنی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور چین پاکستان تعلقات کا مستقبل روشن ہے، چین پاکستان کے ساتھ مل کر نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل مزید قریبی کمیونٹی کی تعمیر کیلئے عملی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے تیار ہے۔چینی قونصل جنرل لاہور نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں چین کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔