کراچی (رفیق مانگٹ) متحدہ عرب امارات کی جانب سے حماس کے ممکنہ حملے کا انتباہ اسرائیلی انتخابات کیلئے مرکزی ایشو بن گیا، تاہم نیتن یاہو نے تمام الزامات کو مکمل جھوٹ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار کی اس رپورٹ کے بعد، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے ستمبر 2023 میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو حماس کے ممکنہ بڑے حملے سے آگاہ کیا تھا، اب امریکی اور دیگر بین الاقوامی میڈیا اداروں نے بھی اس خبر کو رپورٹ کرتے ہوئے اس کی جزوی تصدیق کی ہے کہ کم از کم ایک سطح پر ایسے سفارتی اور انٹیلی جنس روابط موجود تھے جن میں ممکنہ خطرے کی نشاندہی کی گئی تھی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد ذرائع اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان رابطے موجود تھے جن میں حماس کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی کے خدشات زیر بحث آئے۔