کراچی (رفیق مانگٹ)سوشل میڈیا نمائش کا خطرناک انجام،قیمتی زیورات کی نمائش اور گھر کی تفصیلات شیئر کرنا سکیورٹی رسک ثابت ہوئے۔ تامل ناڈو کی معروف یوٹیوبر کے گھر 81 تولہ سونا اور لاکھوں روپے کی ڈکیتی۔دولت دکھانا جرم کو دعوت دینا،سوشل میڈیا پر میں کہاں رہتی ہوں جیسے جوابات لوکیشن لیک ہونے کا سبب بنے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش ایک سنگین سکیورٹی خطرے میں بدل گئی، جہاں ایک معروف یوٹیوبر کے گھر سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے سونے، ہیرے کے زیورات اور نقدی چوری کرلی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات میں ملزمان نے متاثرہ خاتون کی اپنی ویڈیوز اور آن لائن سرگرمیوں سے حاصل معلومات کو استعمال کرتے ہوئے منصوبہ بندی کی- یہ واردات ضلع کنیاکماری کے علاقے ناگرکوئل کے وی آئی پی گارڈن میں پیش آئی، جہاں معروف یوٹیوبر مدھومیتا اپنے شوہر ونود کمار اور ایک بچے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ونود کمار پیشے کے اعتبار سے الائچی کے تاجر ہیں۔رپورٹ کے مطابق شام مدھومیتا اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کپڑوں کی خریداری کے لیے گھر سے باہر گئیں، جس کے دوران نامعلوم چوروں نے گھر کے پچھلے دروازے کو کاٹ کر اندر داخل ہونے کا راستہ بنایا۔