ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال کے سرکاری وسائل سیاسی، احتجاجی سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنے پر پابندی، ایم ایس نے باقاعدہ سرکلر جاری کردیا ہے ، یہ ہدایات عدالتی حکمنامے اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں جاری کی گئیں ، جن کے مطابق ہسپتال کے افسران، ملازمین اور تمام متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ سرکاری وسائل کسی بھی مارچ، جلوس، ریلی، احتجاج یا اس نوعیت کی سرگرمی کے لیے استعمال نہ کریں، سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے سرکاری فنڈز، وسائل، سرکاری مشینری، آلات، سہولیات یا دیگر عوامی وسائل کو اسلام آباد کی جانب کسی مارچ، جلوس، ریلی، احتجاج یا ملتی جلتی سرگرمی کے لئے براہِ راست یا بالواسطہ استعمال نہیں کیا جائے گا،سرکلر کے مطابق نشتر ہسپتال کی سرکاری گاڑی، ایمبولینس، مشینری، آلات یا دیگر سرکاری املاک کسی بھی ایسی سرگرمی میں شریک افراد کو سہولت، معاونت یا آمدورفت فراہم کرنے کے لئے استعمال نہیں کی جا سکیں گی، کسی ملازم کو اس کی سرکاری حیثیت میں مارچ، جلوس، ریلی، احتجاج یا ایسی کسی سرگرمی میں شرکت کے لئے مجبور، دباؤ یا ترغیب نہیں دی جائے گی،تمام نگران اور انتظامی افسران اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے ماتحت کام کرنے والے کسی ملازم کو ایسی سرگرمی میں شرکت کے لیے کسی قسم کے دباؤ یا ہدایت کا سامنا نہ ہو،سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی افسر یا ملازم کو کسی شخص، سیاسی رہنما یا سرکاری عہدیدار کی جانب سے ایسی سرگرمی میں شرکت کے لئے دباؤ، ترغیب، درخواست یا ہدایت موصول ہو تو وہ معاملہ مقررہ طریقہ کار کے تحت فوری طور پر متعلقہ مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے۔