ملتان (سٹاف رپورٹر) این اے 148 سے امیدوار اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کے بعد وفاقی وزراءکی پریس کانفرنسیں اور بیانات احمقانہ نوعیت کے ہیں، یہ وقت نشتر اور تیر چلانے کا نہیں ، ایسے بیانات اشتعال کو ہوا دے سکتے ہیں، جو ملک اور قوم دونوں کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو دہشت گرد جماعت ثابت کرکے خود کو ملک کا ٹھیکیدار ثابت کرنے کی بجائے حکومت صرف اس سوال کا جواب دے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے؟ دہشت گردی عروج پر ہے، تعلیم کا بیڑا غرق ہوچکا ہے، صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے جبکہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے،خطے میں جنگ کا نعرہ لگا کر اپنی مراعات میں اضافہ کرتے وقت حکمرانوں کو جنگ اور اس کے اثرات یاد نہیں آتے،ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ کی منظوری ہو یا تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ، سیاستدان ہوں یا بیوروکریٹس، سب ایک ہی صف میں کھڑے ہیں، جبکہ سڑک کے دوسرے کنارے پر غریب عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کا بوجھ اٹھانے پر مجبور ہیں۔