• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واسا ملتان میں سی بی اے یونین کا ریفرنڈم ، لیبر علمدار یونین نے میدان مار لیا

ملتان ( سٹاف رپورٹر) واسا ملتان میں سی بی اے یونین کے لیے ہونے والے ریفرنڈم میں لیبر علمدار یونین نے ورکرز ویلفیئر یونین کی حمایت سے میدان مار لیا، لیبر علمدار یونین نے 567 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی جبکہ طویل عرصے سے واسا میں برسرِاقتدار غازی یونین 528 ووٹ حاصل کرسکی۔ لیبر علمدار یونین کے امیدوار عدنان نور راجپوت صدر جبکہ جام مجاہد جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق واسا ملتان میں لیبر یونین سی بی اے کے انتخاب کے لیے چار رجسٹرڈ ٹریڈ یونینز کے درمیان پولنگ واسا ہیڈ آفس میں ہوئی، جس میں 1130 ووٹ کاسٹ ہوئے، پولنگ کے لئے چار بوتھ قائم کئے گئے تھے جہاں ووٹرز کا رش دیکھنے میں آیا ، نتائج کے مطابق لیبر یونین علمدار نے 567 ووٹ حاصل کیے جبکہ غازی یونین نے 528 ووٹ حاصل کیے، یوں لیبر علمدار یونین نے غازی یونین کو 39 ووٹوں کی برتری سے شکست دے دی۔نتائج کے مطابق بوتھ نمبر ایک میں غازی یونین نے 117 جبکہ لیبر علمدار یونین نے 158 ووٹ حاصل کیے۔ بوتھ نمبر دو میں غازی یونین کو 127 اور لیبر علمدار یونین کو 164 ووٹ ملے۔ بوتھ نمبر تین میں غازی یونین نے 174 جبکہ لیبر علمدار یونین نے 113 ووٹ حاصل کیے، جبکہ بوتھ نمبر چار میں غازی یونین کو 110 اور لیبر علمدار یونین کو 132 ووٹ ملے۔ نتائج کے مطابق مزدور یونین واسا ملتان کو 4 ووٹ جبکہ ورکرز ویلفیئر یونین کو 3 ووٹ ملے۔ 23 ووٹ مسترد، 5 ووٹ مسنگ اور ایک ووٹ اضافی قرار دیا گیا۔ریفرنڈم کے نتائج سامنے آتے ہی لیبر علمدار یونین کے کیمپ میں جشن کا سماں پیدا ہو گیا اور کارکنوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔
ملتان سے مزید