پشاور (خصوصی نامہ نگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور اور خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے درمیان سمارٹ ٹورازم اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔ تقریب میں سیکرٹری ٹورازم، کلچر، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز خیبر پختونخوا سعادت حسن، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد صادق خٹک، سینئر افسران اور فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ معاہدے کے تحت یو ای ٹی پشاور سمارٹ ٹورازم اینڈ کلچر مینجمنٹ سسٹم اور دیگر ڈیجیٹل حل کی تیاری کے لئے انجینئرنگ اور تکنیکی مہارت فراہم کرے گی۔ تعاون میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، جی آئی ایس، موبائل وویب ایپلی کیشنز، ڈیٹا اینالیٹکس، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز، سیاحتی نگرانی اور سائبر سکیورٹی شامل ہوں گے۔ معاہدے کے تحت سیاحوں کے تحفظ اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی نظام متعارف کرایا جائے گا، جس میں ٹورازم پولیس کے لیے ایپلی کیشنز، سیاحتی و تاریخی مقامات کی نگرانی اور انتظامیہ تک بروقت معلومات کی فراہمی شامل ہے۔ سیکرٹری ٹورازم سعادت حسن نے کہا کہ گزشتہ سال خیبر پختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات پر تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ سیاح آئے، جبکہ گزشتہ عید کے دوران گلیات میں 12 لاکھ سیاح پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انفراسٹرکچر اور سہولیات کے باعث سیاحت میں اضافہ ہوا ہے، جدت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے سیاحت کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے کہا کہ یو ای ٹی پشاور خیبر پختونخوا حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مختلف شعبوں کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کر رہی ہے۔