کراچی (نیوز ڈیسک) دبئی سے اسرائیل جانے والی پرواز کو گرانے کی کوشش، پائلٹ کا ساتھی پر چاقو سے حملہ ،سعودیہ میں ہنگامی لینڈنگ، اردن فضائی حدود میں واقعہ پیش آیا،طیارہ دو منٹ میں 16ہزار فٹ نیچے آگیا،پائلٹس کی لڑائی کے دوران مسافروں کی چیخ وپکار ، تبوک میں لینڈنگ کی، تقریباً 150 مسافر سوار ، بیشتر اسرائیلی تھے، تل ابیب پہنچا د ئیے گئے،جہاں انہوں نے خوشی کے نعرے لگائے۔اسرائیل نے ہائی جیکنگ کے خدشے پر جنگی طیارے بھی روانہ کیے،نیتن یاہو کا کہنا تھا پائلٹ طیارہ تباہ کرنا چاہتا تھا، مسافروں نے کاک پٹ میں عملے کے رکن کے ساتھ مل کر حملہ آور کو قابو کیا، سعودیہ کی پائلٹ کو گرفتار کرکے تفتیش ،مسافروں کیلئے فوجی طیارے بھیجنے کی اسرائیلی درخواست مستردکردی،اسرائیلی وزیر جنگ نے الزام لگایا کہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پائلٹوں کے درمیان مبینہ جھگڑے کے بعد طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ طیارہ اردن کی فضائی حدود میں تھا جب ایک پائلٹ نے دوسرے پائلٹ کو چاقو مارا اور طیارے کو مبینہ طور پر تباہ کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد طیارے نے تین ہنگامی سگنل بھیجے۔ طیارہ صرف دو منٹ میں تقریباً 16 ہزار فٹ نیچے آیا، جس پر اسرائیلی حکام نے ممکنہ ہائی جیکنگ کے خدشے کے پیش نظر جنگی طیارے بھی روانہ کیے۔ طیارہ سعودی عرب کے شمال مغربی شہر تبوک کے ہوائی اڈے پر اترا، جہاں دونوں پائلٹس کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔