کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سب سیاسی کارکنوں کو احتجاج کا حق ہے، لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔ احتجاج کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ یا ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ پرامن تھا ، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے صحافت اور سیاست لازم و ملزوم ہیں۔ سیاسی رہنماؤں کو کسی ڈیل یا بیک ڈور سفارش کی بجائے قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ سیاسی رہنماؤں کو اپنے کارکنوں کو سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ سیاسی جدوجہد کی طرف لے جانا چاہئے۔ وہ کراچی پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔کراچی پریس کلب آمد پر کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری جنرل اسلم خان ، سینئر صحافی مظہر عباس اور دیگر عہدیداران نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا استقبال کیا۔ شرجیل انعام میمن نےصحافیوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادیٔ صحافت کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ خصوصاً آصف علی زرداری نے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور آزادیٔ صحافت کے لئے اہم کردار ادا کیا ہےصحافت اور سیاسی جماعتوں کا کردار جمہوریت کے استحکام کے لئے انتہائی اہم ہے۔