کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نےکہا ہےکہ صوبے کو بچے کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں، کراچی کے بچے بھی ہمارے ہی بچے ہیں ،کسی بچے یاطالب علم کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے تو تحقیقات ہونی چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کچے کے علاقوں کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیربلدیات کا کہنا تھاکہ کچے کے علاقوںمیں امن و امان کی بحالی اور وہاں کے شہریوں کا معیارِ زندگی بلند کرنے کیلئےانفراسٹرکچر، مواصلات، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کچے کے علاقوں میں جرائم پر قابو پانےکیلئے مؤثر اقدامات کئےگئے ہیں جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے سرنڈر کئےجانے کے باعث صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ پنجاب کے مقابلے میں سندھ کے کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، ایک سوال پروزیر بلدیات نے کہا کہ اگر تھر کا کوئی بچہ پہلی پوزیشن حاصل کرتا ہے تو اس پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔