کراچی( ثاقب صغیر )عمرہ کی آڑ میں بحرین اور جمہوریہ پلاؤ کے راستے آسٹریلیا جانے کے نئے ڈنکی روٹ کا انکشاف،جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آسٹریلیا جانے والے 3مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ سفر کی آڑ میں غیر قانونی ذرائع سے آسٹریلیا جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے تین پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے کے باعث انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے روک کر تفصیلی انٹروگیشن کی گئی۔ مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے ناموں سے ہوئی جو حافظ آباد اور سرگودھا کے رہائشی ہیں۔حکام کے مطابق دوران تفصیلی جانچ مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا جائزہ لیا گیا جس کے دوران بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پلاؤ The Republic of Palau کے ویزے بھی موجود پائے گئے۔ مسافروں نے انکشاف کیا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً تین روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا۔مسافروں کے مطابق ایک ایجنٹ نعیم مرشد جو ملتان کا رہائشی ہے نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔