کراچی (طاہر عزیز / اسٹاف رپورٹر ) ترکیہ کے شہر استنبول کو صوبے کا درجہ حاصل،39ڈسٹرکٹ بلدیات، صرف ایک ڈسٹرکٹ بلدیہ کا سالانہ بجٹ 265ملین ڈالر ہے۔ سالڈویسٹ، بلڈنگ کنٹرول اور انفراسٹرکچر جیسے امور ڈسٹرکٹ بلدیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ اور پانی کا نظام استنبول میٹروپولیٹن میونسپلٹی کے تحت چلایا جاتا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر، پی آئی بی ایف یوتھ چیپٹر کے رکن اور نوجوان سیاسی و سماجی رہنما تیمور احمد نے ترکیہ کے شہر استنبول کی اسکودر ڈسٹرکٹ بلدیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میئر دندار ضیاء گلتکین اور نائب صدر عیسیٰ دوگان سے ملاقات کی، ملاقات میں استنبول کے بلدیاتی نظام، ڈسٹرکٹ میونسپلٹی کے اختیارات، شہری سہولتوں، ٹرانسپورٹ نظام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بلڈنگ کنٹرول، انفراسٹرکچر اور مقامی حکومتوں کے مالیاتی نظام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر میئر دندار ضیاء گلتکین نے بتایا کہ استنبول کو انتظامی طور پر صوبے کا درجہ حاصل ہے، شہر میں مجموعی طور پر 39 ڈسٹرکٹ بلدیات شہری امور انجام دیتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف اسکودر ڈسٹرکٹ بلدیہ کا سالانہ بجٹ 265 ملین ڈالر ہے۔سالڈویسٹ، بلڈنگ کنٹرول اور انفراسٹرکچر جیسے امور ڈسٹرکٹ بلدیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ اور پانی کا نظام استنبول میٹروپولیٹن میونسپلٹی کے تحت چلایا جاتا ہے۔میئر دندار ضیاء گلتکین نے مزید بتایا کہ اسکودر ڈسٹرکٹ بلدیہ کا 90 فیصد سے زائد بجٹ اپنے وسائل سے حاصل کیا جاتا ہے، جبکہ تقریباً 10 فیصد وفاقی گرانٹ کی صورت میں ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بلدیاتی نظام، مالیاتی خودمختاری، بہتر منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی نظم و ضبط ہی شہری ترقی کی اصل بنیاد ہیںاس موقع پر تیمور احمد نے کہا کہ استنبول کا بلدیاتی ماڈل کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے سیکھنے کے کئی مواقع فراہم کرتا ہے۔