اسلام آباد (مہتاب حیدر)سینیٹ کمیٹی کا غیر ملکی فنڈز سے جاری منصوبوں کا جائزہ، CAREC ٹرنچ III میں 5 ارب روپے سے زائد موبلائزیشن ایڈوانس کی تحقیقات کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور ڈویژن نے جاری غیر ملکی فنڈز سے چلنے والے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کاریک ٹرنچ III (راجن پور-ڈی جی خان-ڈی آئی خان) منصوبے میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے 5 ارب روپے سے زائد کی موبلائزیشن ایڈوانس رقم کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ سینیٹ کی کمیٹی نے مختلف غیر ملکی فنڈز سے چلنے والے منصوبوں کا جائزہ لیا، بالخصوص پنجاب میں پانی اور نکاسیٔ آب کے منصوبوں، 765 کے وی داسو-اسلام آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے اور کمیونیکیشن سیکٹر کے کاریک ٹرنچ-III منصوبے کا۔ کمیٹی نے منصوبوں میں طویل تاخیر، خریداری کے طریقۂ کار، کنسلٹنٹس کے انتخاب، منصوبوں پر عمل درآمد اور پارلیمانی فورم کو بریفنگ دینے کے لیے اعلیٰ حکام کی دستیابی پر سوالات اٹھائے۔