اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے ادارہ جاتی اصلاحات اور پالیسی سازی میں تحقیق کے فروغ کےلئے طویل مدتی تعاون پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ایس ڈی پی آئی کی خصوصی لیکچر سیریز سے خطاب کرتے ہوئے نیب کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی تحقیقاتی ماڈل ’’نیب آئی‘‘ متعارف کرانے کی تیاری ہے ،نیب اپنی پالیسی اور قانونی امور سے متعلق تحقیقی و تجزیاتی صلاحیت بہتر بنانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ بیورو دس سالہ روڈ میپ تیار کر رہا ہے اور ایس ڈی پی آئی کو اس عمل میں طویل مدتی تحقیقی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی کے ساتھ تعاون سے تحقیق کے جدید طریقہ کار سے استفادہ کیا جائے گا جبکہ باہمی دلچسپی کے موضوعات پر مشترکہ پروگرام بھی منعقد کئے جائیںگے۔