کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ترجمان نے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے 500سے زائد ملازمین اور ادارے کے مرکزی کاروباری امور کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی اطلاعات پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے کراچی کے معاشی حقوق پر ایک اور وار قرار دیا ہے۔ متحدہ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی نے ملک کی معیشت سنبھالنے، قومی ادارے قائم رکھنے اور ملکی صنعت و تجارت چلانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، ایسے میں کراچی میں7 دہائیوں سے قائم ایک اہم قومی ادارے کے مرکزی امور اسلام آباد منتقل کرنا کراچی کے معاشی کردار اور شہریوں کے حقوق محدود کرنے کے مترادف ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پی پی ایل کے آپریشنز اور اثاثوں کا ایک بڑا حصہ سندھ اور بلوچستان سے وابستہ ہے، اس کے باوجود ادارے کے مرکزی انتظامی امور اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔