• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اور ترکیہ کا تعلیم، صحت، ثقافت، آفات میں تعاون پر اتفاق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اور ترکیہ کے درمیان تعلیم، صحت، ثقافت اور آفات سے نمٹنے میں تعاون پر اتفاق،وزیراعلیٰ سندھ سے ترک ایجنسی ٹیکا وفد کی ملاقات، جاری منصوبوں اور نئے تعاون پر تبادلہ خیال۔ جبکہ 10ویں سالانہ مائیکروفنانس کانفرنس (اے ایم سی-10) کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ادارہ تنہا غربت ختم نہیں کرسکتا، مل کر کام کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے ڈپٹی صدر ڈاکٹر علی ارجان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، ثقافت، آفات سے نمٹنے اور کمیونٹی ترقی کے شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے سندھ کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ تعلیم میں اصلاحات، ڈیجیٹل تبدیلی اور انسانی وسائل کی ترقی کا ایک وسیع ایجنڈا آگے بڑھا رہا ہے، جبکہ ان مقاصد کے حصول کے لئے بین الاقوامی شراکت داری ناگزیر ہے۔ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، سندھ میں ٹیکا کے جاری ترقیاتی اقدامات اور ایسے نئے تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا جن کا مقصد صوبے بھر میں عوامی خدمات، تعلیمی نتائج اور سماجی و اقتصادی ترقی کو بہتر بنانا ہے۔ڈاکٹر علی ارجان کے ہمراہ کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل ایرگول کادک، ٹیکا سندھ و بلوچستان کے سربراہ ماسوق پوسا، شعبہ افرادی قوت و معاون خدمات کے سربراہ اوغور وانلی اوغلو، ڈیٹا کنٹرول افسر عبداللہ ساری اور ٹیکا کراچی کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید