• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

15 اکتوبر کو شنگھائی میں سرمایہ کاری کانفرنس کریں گے، شرجیل میمن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات،شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 15 اکتوبر کو شنگھائی میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے جا رہی ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد چین روانہ ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ساتھ کسی قسم کی انگیجمنٹ نہیں کرے گی، ایک سال میں 1100 نئے اسکول تعمیر کر رہے ہیں،مارچ سے پہلے 800 تیار ہو جائیں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے سیاسی فیصلے خود کرنے کا حق رکھتی ہے اور اپنی قیادت کے فیصلے کسی کے دباؤ میں آکر نہیں کرے گی، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں دہشت گردوں کے مدارس کو فنڈنگ کی گئی اور بانی پی ٹی آئی دہشت گردوں اور طالبان کا کردار ادا کر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاسی اسپیس ملے لیکن وہ خود نہیں چاہتے۔ کراچی اور اسلام آباد کے بعد ہم اب سندھ ویژن کا تیسرا ایونٹ سکھر میں کروانے جا رہے ہیں، جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، قومی و بین القوامی صحافیوں، سفارتکاروں سمیت دیگر افراد کو مدعو کیا جائے گا، پاکستان میں چین کے تعاون سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ پاکستان میں ترقی اور ڈویلپمنٹ ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے۔ محکمہ اطلاعات کے تحت ہونے والے اس ایونٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی آئیں گے، نومبر کے آخر میں یہ پروگرام ہونے جا رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید