پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور اپ لفٹ ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں مشیرِ خزانہ طارق محمود پاشا، مشیرِ بلدیات آصف رفیق، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی اسلام زیب، سیکرٹری خزانہ محمد ایاز، سیکرٹری بلدیات ظفر الاسلام، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ثاقب رضا اسلم اور ڈی جی پی ڈی اے میاں بہزاد عادل سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی. گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور اپ لفٹ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس میں محکمہ بلدیات اور پی ڈی اے کے زیرِ انتظام انڈر پاسز، فلائی اوورز اور تھیم پارکس سمیت سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے مختلف اسکیموں پر بریفنگ دی گئی. بڈھنی نالے پر کام، مذبح خانوں، خوراک،سبزیوں کی منڈیوں، واٹر سپلائی کے منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، گورنر فیصل کریم کنڈی کو خیبر پختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس میں جنگلات، آثار قدیمہ، پشاور وال سٹی کی بحالی، سڑکوں اور آبپاشی کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا. سینٹ میری اسکول سے ناردرن بائی پاس تک سڑک کی توسیع اور چارسدہ روڈ پر فقیر آباد کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر سے متعلق بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی۔