پشاور (خصوصی نامہ نگار) شہریوں کے لئے حقِ معلومات (آر ٹی آئی) کے تحت شکایات درج کرانے کے عمل کو آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لئے خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن نے موبائل ایپ متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہری اب کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی شکایات درج کرانے کے ساتھ ساتھ ان پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہی حاصل سکیں گے۔ چیف انفارمیشن کمشنر سید نذر حسین شاہ نے باقاعدہ طور پر موبائل ایپ کا افتتاح کیا۔ یہ اقدام شہریوں کو سرکاری معلومات تک رسائی کے اپنے بنیادی حق کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اگر کوئی سرکاری ادارہ شہری کو حقِ معلومات کے قانون کے تحت مطلوبہ معلومات فراہم کرنے سے انکار کرے تو شہری ’’کے پی آر ٹی آئی کمپلینٹ مینجمنٹ‘‘ ایپ کے ذریعے کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی انفارمیشن کمیشن میں شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے شہری اپنی شکایات پر ہونے والی پیش رفت بھی بآسانی معلوم کر سکیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف انفارمیشن کمشنر نے کہا کہ حق معلومات سرکاری اداروں میں شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس موبائل ایپ کو ڈاؤن لوڈ اور اس سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی کے مؤثر استعمال کے ذریعے نوجوان صوبے بھر میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔