• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خدمات اور ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا ،مشیرتعلیم

پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے منگل کے روز محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے حوالے سے منعقدہ ابتدائی تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں مشیر تعلیم کو محکمہ کے بنیادی ڈھانچے، قواعد و ضوابط، محکمہ کے ملحقہ اداروں کی ذمہ داریوں، خدمات اور اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کے حوالے سے مستقل سروے جاری رکھا جائے۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ تعلیمی اداروں میں فرنیچر کی کمی اور اس حوالے سے سمال انڈسٹرز ڈویلپمنٹ بورڈ سے جڑے معاملات کے حل کیلئے مشیر صنعت کیساتھ معاملہ اٹھایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ مشاہراتی طور پر لیئے گئے اساتذہ کی تنخواہوں کیلئے معقول طریقہ کار اپنانے کیلئے سمری مزید کارروائی کیلئے تیار کی جائے جبکہ غیر فعال سکولوں کے حوالے سے دستیاب ڈیٹا کو اپڈیٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔مشیر تعلیم نے نصاب کے معاملات کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں اور قومی نصاب کے تحت مختلف تیار موضوعات (کنٹینٹس) کے بارے میں ایک اگاہی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ بہتر طرز حکمرانی کے بنیادی اصول شراکت داری، جوابدہی، شفافیت اور اصلاحات ہوتے ہیں لہذا تعلیم کے شعبے کے ہر منصوبے کا ہر اقدام ان اصولوں کے عین مطابق ہونا چاہیئے۔
پشاور سے مزید