کراچی (خالد محبوب، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن جیسے سینئر سیاستدان، جو خود دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، ان سے دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والوں کی حمایت کی توقع نہیں تھی، ایکس پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ جس سپہ سالار نے معرکہ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں مولانا کے الفاظ نے ہر محبِ وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔ جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات اسلم غوری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ وزیر داخلہ جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا نام بھی لیں جن کی وہ بات کررہے ہیں،شہباز شریف اپنے وزیر داخلہ کو کنٹرول کریں جو انکے خلاف مستقل سازشیں کر رہے ہیں اور جےیوآئی کے کارکنان کو اشتعال دلا کر شہباز شریف کی بغل میں چھرا گھونپ رہے ہیں، مریم نواز اپنی فکر کریں اور اپنے صوبے پر توجہ دیں ۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی رہنما نے کہا ہے کہ صاف چھپتے بھی نہیں سامنےآتے بھی نہیں۔مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے۔مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو جعلی اور ہاری ہوئی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے پاس فیصلے کرنے کی طاقت نہیں،انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تھا بدامنی کا جواز پیش کرکے ایمرجنسی لگائی گئی، حالانکہ بلوچستان میں حالات زیادہ خراب ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے خیبر پختونخوا کی بربادی کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے بجائے ان کی حمایت میں بات کرنا نہایت افسوسناک ہے۔ جن کی حمایت میں بیانات جاری ہو رہے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ کیا تیرہ سال میں وہ کسی ایک شہید کے جنازے میں بھی شریک ہوئے؟۔جس سپہ سالار نے معرکہ حق میں ملک کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا اور جس کی قیادت میں پاکستان کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز ملا، اس کے بارے میں مولانا صاحب کے الفاظ نے ہر محبِ وطن پاکستانی کا دل دکھایا ہے۔ جن کی حمایت میں آج آپ کھڑے ہیں، کل یہی آپ کے بارے میں انتہائی ناشائستہ زبان استعمال کرتے اور ذاتی حملے کرتے رہے ہیں۔ جے یو آئی کے سیکرٹری اطلاعات اسلم نے اپنے رد عمل میں کہا کہ محسن نقوی جرات کا مظاہرہ کرتے ہو ئے ان کا نام بھی لیں جن کی وہ بات کر رہے ہیں،جے یو آئی کے جمعرات کو ملتان کے ریکارڈ جلسے نے نہ صرف ان کی نیندیں اڑادیں بلکہ ان کی چیخیں نکلنا شروع ہو گئی ہیں، ترجمان اسلم غوری نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کاٹیوٹ اس قابل نہیں کہ اسے اہمیت دی جائے،مریم نواز ہماری فکر کرنے کی بجائے اپنے صوبے پر توجہ دیں جسے انھوں نے پولیس ا سٹیٹ بنا دیا ہے اگر ہم نے جواب دیا تو پھر نسوانیت کاسہارا لینے کی کوشش کی جائیگی ، ایسا لگتا ہے نواز شریف کا اپنی پارٹی پر کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔