• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء توفیق خان، ماڈل کالونی، ملیر، کراچی

چائے، صرف ایک مشروب نہیں، ہماری تہذیب، روایت، چاہت والفت اور مہمان نوازی کی پہچان بھی ہے۔ ہر گھر میں صُبح کا آغاز ہو یا شام کی محفل، چائے کے بغیر ادھوری محسوس ہوتی ہے اور دن بھر ہم چاہے جتنے بھی مصروف ہوں، لیکن چائے پینے کے لیے چند لمحے نکال ہی لیتے ہیں اور پھر وہ چند لمحے ہی ہمیں یک سر تروتازہ کردیتے ہیں۔ گھروں، دفاتر کے ساتھ مختلف علاقوں کی چائے بھی اپنی پہچان رکھتی ہے۔

جیسے کہیں دودھ پتی کی خوشبو دل موہ لیتی ہے، تو کہیں کڑک چائے کا منفرد ذائقہ پسند کیا جاتا ہے اور کہیں پٹھان کے ہوٹل کی چائے یا کشمیری چائے اپنے خاص ذائقے کے ساتھ دوستوں کی محفل یادگار بناتی ہے۔ تو چلیں، آئیں آج ہم آپ کو پاکستان میں پسند کی جانے والی چند مشہور چائے کی تراکیب بتاتے ہیں۔

دودھ پتّی

اجزاء: دودھ دوکپ ، پتّی دو چائے کے چمچ، چینی حسب ِذائقہ، الائچی دوعدد۔

ترکیب: ایک پتیلی میں دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر گرم کریں، پھر اس میں پتّی اور الائچی شامل کرکے پانچ سے سات منٹ تک پکائیں۔ رنگ تیز ہوجائے اور الائچی کی خوشبو اچھی طرح گھل جائے، تو آخر میں چینی ملا کر ایک اُبال دیں اور چھان کر مزے داردودھ پتّی چائے کا لُطف اُٹھائیں۔

کڑک چائے

اجزاء: پانی ایک کپ، دودھ ایک کپ، پتّی ڈھائی چائے کے چمچ، چینی حسب ِذائقہ۔

ترکیب: پانی میں پتّی ڈال کر چند منٹ اچھی طرح اُبالیں، پھر دودھ شامل کریں اور آنچ ہلکی کرکے مزید پانچ منٹ پکائیں، آخر میں چینی شامل کرکے ایک اُبال دیں اور چھان کر مہمانوں کو اپنے ہاتھ کی گرما گرم کڑک چائے، بسکٹس اور کیک کے ساتھ پیش کریں۔

ادرک والی چائے

اجزاء: پانی ایک کپ، دودھ ایک کپ، پتّی دو چائے کے چمچ، تازہ ادرک ایک انچ کا ٹکڑا (کدوکش کیا ہوا)، چینی حسب ِذائقہ۔

ترکیب: سب سے پہلے پانی میں ادرک ڈال کر 2 سے 3 منٹ اُبالیں، پھر پتّی شامل کریں۔ بعدازاں، دودھ اور چینی ڈال کر پانچ منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں۔ چائے کو چھان کر گرم گرم خود بھی پئیں اور اہل خانہ کو بھی پلائیں۔

مسالا چائے

اجزاء: پانی ایک کپ، دودھ ڈیڑھ کپ، پتّی دو چائے کے چمچ، سبز الائچی دو عدد، دار چینی ایک چھوٹا ٹکڑا، لونگ دو عدد، کالی مرچ دودانے، سونٹھ یا تازہ ادرک تھوڑی سی، چینی حسب ِذائقہ۔

ترکیب: تمام مسالا جات کو ہلکا سا کوٹ لیں، پھر پانی میں تمام مسالے اور پتّی ڈال کر چند منٹ اُبالیں۔ اس کے بعد دودھ اور چینی شامل کریں اور ہلکی آنچ پر چند منٹ پکائیں۔ چھان کر مسالا چائے کا لُطف اُٹھائیں۔

پٹھان کے ہوٹل کی چائے

اجزاء: فُل کریم دودھ دو کپ، پتّی ڈھائی چائے کے چمچ، سبز الائچی دو عدد، چینی حسبِ ذائقہ، بالائی ایک کھانے کا چمچ (اختیاری)

ترکیب: پہلے دودھ کو ہلکی آنچ پر گرم کریں، پھر اس میں پتّی، کٹی ہوئی الائچی اور چینی شامل کریں۔ دس منٹ تک پکائیں، تاکہ چائے خود گاڑھی ہو جائے۔ کپس میں نکال کر حسبِ پسند اوپر سے تھوڑی سی بالائی ڈال دیں۔

کشمیری چائے (پنک ٹی)

اجزاء: کشمیری چائے کی پتّی دو کھانے کے چمچ، پانی تین کپ، بیکنگ سوڈا ایک چٹکی، ٹھنڈا پانی آدھا کپ، دودھ دو کپ، چینی اور نمک حسبِ پسند، کٹا ہوا پستہ، بادام، الائچی دو عدد۔

ترکیب: پانی میں کشمیری چائے کی پتی اور بیکنگ سوڈا ڈال کر اچھی طرح اُبالیں، جب پانی آدھا رہ جائے تو اس میں ٹھنڈا پانی شامل کر کے چند منٹ مزید پکائیں، پھر دودھ، الائچی، نمک اور چینی شامل کریں اور ہلکی آنچ پر اُبالیں، یہاں تک کہ چائے ہلکے گلابی رنگ کی ہو جائے۔ کپس میں ڈال کر اوپر سے بادام اور پستہ چھڑک دیں۔

لیموں کی چائے

اجزاء: پانی دو کپ، پتّی یا سبز چائے، لیموں کا رس ایک سے دو کھانے کے چمچ، شہد یا چینی حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: پانی کو اُبال کر اس میں پتّی یا سبز چائے ڈال کر دو منٹ تک دم دیں۔چھان کر کپ میں ڈالیں، پھر لیموں کا رس اور شہد یا چینی شامل کریں۔ یاد رہے، لیموں کا رس ہمیشہ آخر میں شامل کریں۔

سبز چائے (گرین ٹی)

اجزاء: پانی دو کپ، سبز چائے ایک چائے کا چمچ، شہد حسبِ ذائقہ (اختیاری)، لیموں چند قطرے (اختیاری)

ترکیب: پانی کو اُبال کر ایک منٹ ٹھنڈا ہونے دیں، پھر اس میں سبز چائے شامل کرکے دو سے تین منٹ دم دیں۔ چھان کر شہد یا لیموں شامل کرکے گرین ٹی کا لُطف اُٹھائیں۔

سنڈے میگزین سے مزید
    کھانا خزانہ سے مزید