• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’لیمن ٹاٹس اور کولڈ کیک‘‘ سالگرہ، ہائی ٹی کا مزہ دوبالا کردیں گے

محمد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ

گھر میں کسی کی سال گرہ کی تقریب ہو یا ہائی ٹی کی دعوت، اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ کیک پیش کرنے کی تو بات ہی الگ ہے۔ تو چلیں، آج ہم آپ کو کولڈ کیک اور لیمن ٹاٹس بنانے کی تراکیب بتاتے ہیں۔ 

یہ دونوں چیزیں بچّے اور بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔ انہیں گھر پر بنا کر سال گرہ یا ہائی ٹی کا مزہ دو بالا کریں اور گھر والوں، مہمانوں سے خوب داد بھی وصول کریں۔

لیمن ٹاٹس

اجزاء: مکھن ایک چھٹانک 62) گرام)، لیموں دو عدد، انڈے تین عدد، شکر چار کھانے کے چمچ، میدہ آدھ پاؤ، پانی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں پانی لیں اور اس میں دو کھانے کے چمچ شکر ڈال کر دھیمی آنچ پر گرم کریں۔ اب ایک تسلے میں چار کھانے کے چمچ میدہ، ایک انڈا، مکھن اور ایک لیموں کا رس شامل کرکے اچھی طرح ملائیں۔ اگلے مرحلے میں میدے کے آمیزے میں شکر کا پانی ڈال کر گوندھ لیں۔

بعدازاں، پیسٹری کے سانچوں میں چاروں طرف بالکل تھوڑا سا گھی لگا کر تیار آمیزہ ڈال دیں اور آمیزے پر کانٹے سے نشان لگا کر پندرہ منٹ کے لیے پری ہیٹ اوون میں رکھ دیں۔ ایک دیگچی میں بقیہ شکر، مکھن اور دو انڈوں کی زردی ڈال کر مکس کریں۔

بقیہ میدہ اور لیموں کا رس ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں، آمیزہ گاڑھا ہو جائے تو چولہا بند کر دیں۔ آخر میں ہر پیسٹری پر یہ آمیزہ ایک ایک کھانے کا چمچ ڈال دیں۔ لیجیے مزے دار لیمن ٹاٹس تیار ہیں۔

نوٹ: پیسٹری کے سانچے بازار میں دست یاب ہیں، آپ حسبِ منشاء گول، چوکور، تکون خرید لیں۔ میدہ نرم گوندھیں، سانچے کی مناسبت سے آمیزہ سانچے میں ڈالیں اور پانی میں شکر یا چینی ڈال کر گرم کریں، پکائیں ہر گز نہیں۔

کولڈ کیک

اجزاء: بسکٹ 2درجن، کافی، چینی ڈیڑھ، ڈیڑھ چائے کا چمچ، دودھ ایک پیالی، مکھن سولہ چائے کے چمچ ، چینی (پسی ہوئی ) دو پیالی، ناریل (پسا ہوا ) ڈھائی چائے کے چمچ، اخروٹ کی گری (پسی ہوئی ) ایک چھٹانک، بادام (پِسے ہوئے ) ایک چھٹانک۔

ترکیب: دُودھ میں کافی اور چینی ڈال کر ملائیں(یہ آمیزہ الگ رکھ لیں)۔ اب ایک پیالے میں آٹھ چائے کے چمچ مکھن اور ایک پیالی پسی ہوئی چینی شامل کرکے اچھی طر ح ملائیں(یہ آمیزہ بھی الگ رکھ دیں )۔ اب ایک ڈِش میں بقیہ مکھن، پسی ہوئی چینی اور ناریل شامل کر کے اچھی طرح ملائیں۔

آٹھ بسکٹ کافی کے آمیزے میں بھگو کر ایک ٹرے میں رکھیں، پھر بسکٹس پر چمچ یا چُھری سے مکھن لگائیں۔ مکھن کی تہہ پر مزید آٹھ بسکٹس کافی کے آمیزے میں بھگو کر رکھیں۔

اب بسکٹس پر ناریل کے آمیزے کی تہہ لگائیں۔ ناریل کے آمیزے پر آٹھ بسکٹس کافی کے آمیزے میں بھگو کر رکھیں۔ اور اسی طرح مکھن اور ناریل کے آمیزے کی تہہ یکے بعد دیگرے لگاتے جائیں۔

کیک کے چاروں طرف بھی مکھن یا ناریل کا آمیزہ لگائیں۔ کیک پر چمچ یا کانٹے سے حسبِ منشا ڈیزائن بنائیں اور آخر میں کیک پر اَخروٹ کی گِری اور پسے ہوئے بادام چھڑک کر تقریباً ایک گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔

نوٹ: بادام چھلکے سمیت پیس لیں اور کیک کے چاروں طرف مکھن اس طرح لگائیں کہ بسکٹس نظر نہ آئیں۔

سنڈے میگزین سے مزید
کھانا خزانہ سے مزید