عبدالواجد ، چیچہ وطنی
’’عیدین‘‘ خوشیوں، محبّتوں اور روایات کا حسین امتزاج ہیں۔ خاص طور پر اگر بات ہو’’میٹھی عید‘‘ کی، تو یہ لذیذ، شیریں پکوانوں کے بغیر بالکل پھیکی اور بےرونق ہے، تو پیشِ خدمت ہیں، عیدالفطر کی خوشیاں دوبالا بلکہ سہ بالا کرنے کے لیے روایتی شیر خُرمے کے ساتھ کیرامل کریم ڈیلائٹ، نوابی سویّوں، شاہی ٹکڑے، ربڑی فالودے اور کھیر جیسی کچھ خاص الخاص، آزمودہ سویٹ ڈِشز کی تراکیب۔ جو بھی مَن کو بھائے، لازماً ٹرائی کریں اور اپنے عید دسترخوان کو میٹھی میٹھی خوش بوؤں، رنگارنگ ذائقوں سے خُوب مہکائیں، اہلِ خانہ، مہمانوں سب ہی کے دل جیت لیں۔
اجزاء: سویّاں ایک کپ، دودھ ایک لیٹر، چینی آدھا کپ یا حسبِ ذائقہ، کھجوریں آدھا کپ (کٹی ہوئی)، بادام اور پستہ 2،2 کھانے کے چمچ، کشمش ایک کھانے کا چمچ، الائچی کا پاؤڈر آدھا چمچ، گھی 2 کھانے کے چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے گھی گرم کر کے سویّاں ہلکی سُنہری ہونے تک بُھون لیں تاکہ خوش بُو آجائے۔ پھر دودھ شامل کرکے درمیانی آنچ پر پکائیں اور وقفے وقفے سے چمچ ہلاتے رہیں۔
جب دودھ قدرے گاڑھا ہوجائے، تو چینی، کھجوریں اور میوہ شامل کریں۔ آخر میں الائچی ڈال کرچند منٹ تک دَم کے لیے رکھیں اور پھر خوش بودار شیرخُرما گرم یا ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔
اجزاء: دودھ 2کپ، کریم ایک کپ، چینی آدھا کپ (آمیزے کے لیے)، چینی آدھا کپ (کیرامل کے لیے)، انڈے3 عدد، ونیلا ایسنس ایک چائے کا چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک پین میں آدھا کپ چینی ڈال کر اُسے ہلکی آنچ پر پگھلائیں۔ اس مقصد کے لیے چمچ استعمال نہ کریں بلکہ پین کو آہستہ آہستہ ہلاتے رہیں۔ جب چینی سُنہری بُھورے رنگ کی ہوجائے، تو اِسے فوراً مولڈ یا بیکنگ ڈِش میں ڈال کر نیچے کی سطح پر پھیلا دیں اور ٹھنڈا ہونے دیں تاکہ کیرامل جم جائے۔ اب ایک پیالے میں انڈے اور چینی اچّھی طرح پھینٹ لیں۔
اس میں دودھ، کریم اور ونیلا ایسنس شامل کرکے انہیں بھی اچّھی طرح مکس کر لیں۔ اس کے بعد آمیزے کو چھان لیں تاکہ جھاگ یا بلبلے ختم ہو جائیں اور ساخت ہم وار رہے۔ اِس تیار شدہ مکسچر کو کیرامل والے مولڈ میں ڈال دیں اور مولڈ کو ایک بڑے برتن میں رکھ کر اُس کے گرد گرم پانی ڈالیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ آمیزہ سیٹ ہوجائے۔
اگر اوون استعمال کررہے ہوں، تو درمیانے درجۂ حرارت پر اُس وقت تک بیک کریں، جب تک درمیان سے جم نہ جائے۔ تیار ہونے کے بعد ٹھنڈا کرکے چند گھنٹوں کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ سَرو کرنے سے پہلے چاقو کو کناروں پر پھیریں اور پلیٹ میں اُلٹ دیں تاکہ اوپر کیرامل کی خُوب صورت تہہ آجائے۔
اجزاء: باریک سویاں ایک کپ، دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی آدھا کپ یا حسبِ ذائقہ، کھویا آدھا کپ، فریش کریم آدھا کپ، بادام اور پستہ 2،2 کھانے کے چمچ (باریک کٹے ہوئے)، سب سے پہلے گھی گرم کرکے سویّاں ہلکی سُنہری ہونے تک بُھون لیں۔ پھر ایک الگ دیگچی میں دُودھ اُبالیں اور ہلکی آنچ پر قدرے گاڑھا ہونے دیں۔ اب بُھنی ہوئی سویّاں دودھ میں شامل کریں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔
جب سویّاں نرم ہو جائیں، تو چینی شامل کریں اور اچّھی طرح مکس کرلیں۔ اس کے بعد کھویا اور کریم ڈال کر چند منٹ مزید پکائیں، تاکہ آمیزہ گاڑھا اور ملائم ہو جائے۔ آخر میں الائچی پاؤڈر، کیوڑا اور تمام میوہ جات شامل کرکے دو سے تین منٹ تک دَم کے لیے رکھ دیں۔ لیجیے، خوش بُو دار اور گاڑھی نوابی سویّاں تیار ہیں۔ اِنہیں گرم یا کچھ ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔ یہ عید دسترخوان کو واقعتاً شاہانہ انداز دیں گی۔
اجزاء: ڈبل روٹی چار سے چھے سلائسز، دودھ ایک لیٹر، چینی آدھا کپ، کریم آدھا کپ، الائچی آدھا چمچ، بادام، پستہ سجاوٹ کےلیے، گھی تلنے کے لیے۔
ترکیب: ڈبل روٹی کے سلائسز کے کنارے ہٹا کر اُسے گول شکل میں کاٹ لیں اور گھی میں سُنہری اور خستہ ہونے تک تلیں۔ پھر ایک الگ برتن میں دودھ اور چینی پکا کر اُسے گاڑھا کریں اور پھر اُس میں کریم اور الائچی شامل کردیں۔
فرائی کی گئی روٹی کو ڈِش میں رکھ کر اوپر سے گاڑھا دودھ ڈالیں اور میوے سے سجا کر کچھ دیر کے لیے رکھ دیں تاکہ دودھ اچّھی طرح جذب ہو جائے۔ لیجیے، مزے دار شاہی ٹکڑے تیار ہیں۔ اہلِ خانہ یا مہمانوں کو خُوب محبت و چاہت کے ساتھ سرو کریں۔
اجزاء: دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی آدھا کپ، فالودہ سویّاں ایک کپ (اُبلی ہوئی)، تخمِ بالنگا 2کھانے کے چمچ (بھگوئے ہوئے)، روز سیرپ آدھا کپ، آئس کریم حسبِ ضرورت، الائچی اور میوہ۔
ترکیب: سب سے پہلے دودھ کو پکا کر خُوب گاڑھا کرلیں، یہاں تک کہ ربڑی جیسی شکل اختیار کرلے۔ اب اس میں چینی اور الائچی شامل کرکے ٹھنڈا ہونے دیں۔ سرونگ کے لیے، گلاس میں پہلے سویّاں، پھر تخمِ بالنگا، روز سیرپ اور ربڑی کی تہہ لگائیں اور اوپر سے آئس کریم اور میوہ ڈال کر پیش کریں۔
اجزاء: چاول آدھا کپ (بھگوئے ہوئے) ، دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی آدھا کپ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کاچمچ، بادام اور پستہ۔
ترکیب: پہلے مرحلے میں دودھ کو ابال کر اُس میں چاول شامل کریں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ اس دوران وقفے وقفے سے چمچ چلاتے رہیں تاکہ نیچے نہ لگیں۔ جب چاول نرم اور آمیزہ گاڑھا ہوجائے، تو اس میں چینی اور الائچی شامل کردیں۔ آخر میں خشک میوہ جات ڈال کر ٹھنڈا ہونے دیں۔ پھر فریج میں رکھ کرخُوب ٹھنڈی ہونے کے بعد کھانے کے لیے پیش کریں۔