• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مچھلی کھائیں، غذائیت کے ساتھ توانائی پائیں

محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ

مچھلی بالخصوص موسمِ سرما کی مرغوب غذا ہے۔ یہ سی فوڈ جہاں جسم کو حرارت پہنچاتا ہے، وہیں غذائیت کا منبع بھی ہے، کیوں کہ جس قدر پروٹین گوشت، مُرغی اور انڈے میں پایا جاتا ہے، اُتنا ہی ہم مچھلی کھانے سے بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ 

مچھلی کی اس افادیت کے پیشِ نظر ہی آج ہم آپ کے لیے ’’فش اینڈ چپس‘‘ اور ’’بیکڈ پامفرٹ‘‘ کی تراکیب پیش کررہے ہیں۔ ضرور آزمائیں اور اہلِ خانہ اور مہمانوں کے دل جیت لیں۔

فش اینڈ چپس

اجزا: مچھلی آدھا کلو (قتلوں کی شکل میں)، انار دانا آدھا پاؤ، لہسن چِھلا ہوا ایک گڈی، خُشک دھنیا چائے کا ایک چمچ، سُرخ مرچ (پِسی ہوئی) چائے کا ایک چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، اجوائن ایک چھٹانک، کھٹائی (پِسی ہوئی) چائے کے تین چمچ، آلو ایک پاؤ، ٹماٹر (بڑے سائز کے) تین عدد، آٹا آدھا پاؤ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے مچھلی کے قتلوں کو دھو کر صاف اور خُشک کر لیں۔ اب انار دانا، دھنیا، سُرخ مرچ، اجوائن اور چھِلا ہوا لہسن ملا کر باریک پیس لیں اور یہ پِسا ہوا مسالا مچھلی کے قتلوں پراچھی طرح لگا دیں۔

اس کے بعد مچھلی کے ٹکڑوں پرخُشک کھٹائی لگا کر آٹا لگائیں۔ ساتھ ہی فرائینگ پین میں تیل کرم کریں اور گرم گرم تیل میں مچھلی کے قتلے ڈال کر انہیں دھیمی آنچ پر (دونوں سائیڈز سے باری باری) تلتے جائیں۔

جب سُرخ ہو جائیں، تو ایک ڈِش میں نکال لیں۔ اگلے مرحلے میں آلو چِھیل کر ان کے لمبوترے ٹکڑے کرلیں، اور پھر اچھی طرح دھوکے اُن پر ہلکا ہلکا نمک اور آٹا چھڑک کر، تیل میں ڈال کے دھیمی آنچ پر تَل لیں۔ اب ایک ڈِش میں تَلے ہوئے مچھلی کے ٹکڑے رکھیں اور ان کے چاروں اطراف آلوؤں کے قتلے رکھ دیں۔ آخر میں اُنہیں ٹماٹر کے گول قتلوں سے سجا کے کھانے کے لیے پیش کریں۔

بیکڈ پامفرٹ

اجزاء: سفید پامفرٹ مچھلی (بڑے سائز کی)، سفید ڈبل روٹی کا چُورا ایک چھٹانک، پیاز آدھی گڈی، مش روم آدھی چھٹانک(پِساہوا) ، ہرا دھنیا (پسا ہوا) چائے کا ایک چمچ، تیل کھانے کے دو چمچ، رسک کا چُورا چائے کے دو چمچ، گرم مسالا (پِسا ہوا) چائے کا ایک چمچ، دہی آدھا پاؤ، انڈے دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ، سُرخ مرچ (پسی ہوئی) ذرا سی۔

ترکیب: سب سے پہلے مرحلے میں مچھلی کو اچّھی طرح صاف کر کے اس کا پیٹ چاک کر لیں۔ پھر اس کی پُشت پر دونوں طرف تھوڑے تھوڑے فاصلے پر دو کٹ لگا کرنمک کے پانی میں دس منٹ تک رکھ دیں۔ 

اس کے بعد دہی کو ایک باریک کپڑے میں ڈال کر پوٹلی بنائیں اور کسی جگہ پر لٹکا دیں۔ دہی کا پانی نکل جائے، تو ایک پیالے میں نکال لیں۔ اب دہی میں گرم مسالا، مش روم اور رسک کا چُورا ملائیں اور ساتھ ہی ہرا دھنیا اور پیاز باریک پیس کر شامل کر دیں۔ 

اس کے بعد دہی کا آمیزہ مچھلی کے پیٹ اور پُشت پر لگائے گئے چاکوں میں بھَر دیں، جب کہ تھوڑا سا مسالا مچھلی کے اوپر بھی مَل دیں۔ اب مچھلی پرڈبل روٹی کے چُورے اور پھینٹے ہوئے انڈے کی ایک تہہ لگائیں۔ 

اس کے بعد مچھلی کو بیکنگ ڈِش میں رکھ کر تیل اس طرح ٹپکائیں کہ چکنائی پوری سطح پر پھیل چائے۔ مچھلی کو پلٹ کر دوسری طرف بھی اِسی طرح چکنائی لگائیں اور ڈِش کو گرم اوون میں تقریباً نصف گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اگر اوون نہیں ہے، تو نہایت دھیمی آنچ پر توا رکھ کر، اُس پر مچھلی کی ڈِش رکھ کے اُسے کسی ڈھکن سے اچھی طرح ڈھانپ دیں، ایسے کہ بھاپ باہر نہ نکل سکے۔ پندرہ منٹ بعد مچھلی کا رُخ پلٹ دیں، تاکہ دوسرا حصّہ بھی پک جائے۔ 

جب دونوں جانب سے مچھلی سُنہری ہوجائے، تو چُولھا بند کردیں اور مچھلی کو کسی اچھی سی ڈش میں نکال لیں۔ اوون میں پکا رہے ہیں تو نصف گھنٹے بعد نکال کے ڈش میں سجا لیں۔ لیموں، ٹماٹر اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔

سنڈے میگزین سے مزید