• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روایت وانفرادیت ساتھ ساتھ: آج ذرامینس لوف اور مُرغ پلاؤ کی آسان تراکیب آزمائیں

کبھی کبھی کچھ منفرد، مزے دار اور روایتی بھی کھانے کو دل چاہتا ہے، لیکن سمجھ نہیں آتا کہ کیا بنائیں، تو چلیں، ہم آپ کی یہ مشکل حل کیے دیتے ہیں اور آج آپ کومینس لوف (قیمے کی روٹی) اور مُر غ پلاؤ بنانے کی آسان تراکیب بتاتے ہیں۔

مینس لوف دیکھنے میں ڈبل روٹی جیسی لگتی ہے اور قیمے، کارن فلور اور ڈبل روٹی کے چُورے سے مل کر بنتی ہے۔ اسے بطور اسنیکس شام کی چائے کے ساتھ بھی کھا سکتے ہیں اور قیمے کے لیے گوشت بھی(بکرے، گائے، مُر غی کا) اپنی پسند کے مطابق کوئی سا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

مینس لوف

اجزاء: قیمہ ایک کلو ( بغیر چربی کے)،کارن فلور دو چھٹانک، ڈبل روٹی کا چُورا چار چھٹانک، پیاز ایک عدد (بڑے سائز کا )، سویا سو س ایک کھانے کا چمچ، ٹماٹو سوس دو کھانے کے چمچ، میتھی، دھنیا پسا ہوا حسب ِمنشاء، سوکھا پودینا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، رائی پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ پسی ہوئی، نمک حسب ِضرورت، انڈے دو عدد، آلو چار عدد، پنیر کدوکش کیا ہوا تین کھانے کے چمچ۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک برتن میں قیمہ، کارن فلور، ڈبل روٹی کا چُورا ڈا ل کر اچھی طرح ملائیں۔ پیاز باریک کاٹ کر ایک طرف رکھ دیں، آلو اُبال لیں۔ قیمے میں کٹی ہوئی پیاز، سویا سوس، ٹماٹو سوس، دھنیا، میتھی، پودینا، لہسن، رائی، نمک اور کالی مرچ ڈال کر اچھی طرح یک جان کرلیں، جب آمیزہ یک جان ہو جائے تو انڈے پھینٹ کر شامل کرکے آمیزے کو مزید مکس کریں، پھر آمیزے کو ڈبل روٹی بیک کرنے کے سانچے میں ڈال کر پری ہیٹ اوون میں رکھ کر ایک گھنٹہ بیک کریں۔ ایک گھنٹے کے بعد سانچا اوون سے نکال لیں۔

اُبلے ہوئے آلو قتلوں کی صورت میں کاٹ لیں۔ قیمے کی ڈبل روٹی سانچے سے نکال لیں اور اس پر کٹے ہوئے آلو رکھ کر، کدوش کیا ہوا پنیر چھڑک دیں۔ اب قیمے کی روٹی کو اوون پروف پلیٹ میں رکھ کر آدھے گھنٹے کے لیے دوبارہ اوون میں رکھیں اور نکالنے کے بعد سلائسز کی شکل میں کاٹ لیں۔ لیجیے، مزے دار ،چٹ پٹا مینس لوف تیار ہے۔

نوٹ: آلو اُبالنے کے بجائے، قتلوں کی صُورت میں تل کر بھی مینس لوف پر سجائے جاسکتے ہیں، باقی ترکیب وہی رہے گی۔ دستر خوان پر پیش کرتے وقت قیمے کی روٹی پر پودینے کی چند پتیاں سجاوٹ اور خوشبو کے لیے ضرور رکھ دیں۔

مُرغ پلاؤ

اجزاء: مر غی کا گوشت تین پاؤ، چاول ایک کلو(پکانے سے ایک گھنٹہ قبل دھو کر بھگو دیں)، گھی ایک پاؤ (250 گرام )، لہسن دو گٹھی، پیاز دو عدد، گرم مسالا، تیز پات، سفید زیرہ حسب ِضرورت، نمک حسب ِذائقہ، سونف، دھنیا حسب ِضرورت۔

ترکیب: چکن دھوکر اس میں اتنا پانی ڈال دیں کہ چکن گل جائے۔ اب ایک باریک کپڑے میں سونف اور دھنیا ایک پوٹلی میں باندھ کر اُسی پانی میں ڈال دیں۔ساتھ ایک عدد پیاز، ایک گٹھی لہسن بھی دھوکے ڈال دیں۔

جب چکن گل جائے تو اُتار لیں۔ پلاؤ کی یخنی تیار ہے، سونف، دھنیے کی پوٹلی نکال کے ضائع کردیں۔ اب ایک دیگچی میں گھی ڈالیں اور ایک پیاز کاٹ کر سُرخ کرلیں۔ اس کے بعد سفید زیرہ اور ساتھ میں یخنی سے نکال کر چکن بھی ڈال دیں۔ یخنی علیحدہ کرکے ایک طرف رکھ لیں۔

بھونتے ہوئے گرم مسالا، تیز پات، ابلی ہوئی لہسن کی گٹھی کا آمیزہ بھی شامل کردیں اور پھر کچھ دیر میں بھیگے ہوئے چاول بھی ڈال دیں۔ یخنی کی مقدار اگر کم ہو تو چاولوں کی مناسبت سے تھوڑا پانی بڑھا بھی سکتے ہیں۔

چاول جب ایک کنی رہ جائیں، تو دَم دے دیں اور ساتھ چند قطرے کیوڑے کے بھی شامل کردیں۔ 10سے 15 منٹ بعد چولھا بند کردیں اور تقریباً10 منٹ بعد دَم کھول کے ہلکے ہاتھوں سے چاول ڈش آؤٹ کرلیں۔ انتہائی لذید مُر غ پلاؤ تیار ہے۔

سنڈے میگزین سے مزید
    کھانا خزانہ سے مزید