ثناء توفیق خان، کراچی
موسمِ گرما اپنے ساتھ تیز دھوپ، حدّت وشدّت اور چوٹی تا ایڑی بہتا پسینہ لیے آتا ہے، تو ایسے میں صحت مند رہنے کے لیے غذا کے انتخاب پر خصوصی توجّہ دینا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔ اس موسم میں بھنڈی، توری، کدو، کریلے، بینگن اور لوکی جیسی سبزیاں عام دست یاب ہوتی ہیں اور ان سےتیار کیے گئے مختلف پکوان ہلکے، زُود ہضم، راحت بخش اورصحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔
خصوصاً لوکی اور توری جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ اگر ان سبزیوں کو منفرد انداز سے پکایا جائے، تو یہ خوش ذائقہ پکوان لذّت اور لُطف کے ساتھ جسم کو راحت بھی فراہم کرتے ہیں۔
سو، آج آپ کی خدمت میں بینگن، سبز مرچ کی بھجیا کے ساتھ اچاری ٹینڈے کی بھجیا، توری کے چھلکوں کے کباب اور لوکی کے رائتے جیسی کچھ منفرد اور ذائقے دار ڈِشز کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں۔
بینگن، سبز مرچ کی بھجیا
اجزاء: بینگن آدھا کلو (چھوٹے ٹکڑوں میں کٹے ہوئے)، سبز مرچ5 سے 6عدد (لمبائی میں کٹی ہوئی)، پیاز2عدد (باریک کٹے ہوئے) ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، زیرہ ایک چائے کا چمچ، کوکنگ آئل 3 سے 4 کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا گارنشنگ کے لیے۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز کو ہلکا سُنہری ہونے تک فرائی کرلیں۔ پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ اور زیرہ شامل کرکے ایک منٹ تک بھونیں۔ اب اس میں ہلدی اور نمک ڈال دیں اور اس کے بعد کٹے ہوئے بینگن اور سبز مرچیں شامل کر کے اچّھی طرح مکس کریں۔ اب کڑاہی کو ڈھانپ کر ہلکی آنچ پر پکائیں تاکہ بینگن اپنے ہی پانی میں نرم ہوجائیں۔
اگر ضرورت محسوس ہو، تو ایک سے دو کھانے کے چمچ پانی بھی شامل کر سکتے ہیں۔ جب بینگن اچّھی طرح گَل جائیں اور بھجیا خُشک ہونے لگے، تو آنچ تیز کرکے دو سے تین منٹ بُھون لیں۔ آخر میں سبز دھنیا چھڑک کر گرم گرم روٹی یا پراٹھے کے ساتھ پیش کریں۔
اچاری ٹینڈے کی بھجیا
اجزاء: ٹینڈے500گرام (چھوٹےٹکڑوں میں کٹے ہوئے)، پیاز ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)، ٹماٹر2عدد (باریک کٹے ہوئے)، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، اچاری مسالا ایک سے ڈیڑھ کھانے کے چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سبز مرچ 3 سے 4 عدد، کوکنگ آئل آدھا کپ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ۔
ترکیب: ابتدا میں کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز کو ہلکا سُنہری ہونے تک فرائی کرلیں اور پھر اس میں ادرک،لہسن کا پیسٹ شامل کرکے ایک منٹ تک بُھونیں۔ اب ٹماٹر، ہلدی اور نمک ڈال کر اُس وقت تک اچّھی طرح پکائیں کہ ٹماٹر گَل اور مسالا بُھن جائے۔ اس کے بعد اچاری مسالا اور سبز مرچیں شامل کرکے چند لمحوں تک بُھونیں۔
اب کٹے ہوئے ٹینڈے ڈال کر مسالے میں اچّھی طرح ملالیں اور کڑاہی ڈھانپ کر ہلکی آنچ پر اُس وقت تک پکائیں کہ ٹینڈے اپنے ہی پانی میں گَل جائیں۔ جب ٹینڈے نرم ہوجائیں اور تیل اوپر آجائے، تو لیموں کا رس شامل کریں اور دو منٹ دَم پر رکھ دیں۔ لیجیے، خوش بُودار، مزےدار اچاری ٹینڈے کی بھجیا تیار ہے۔ اِسے روٹی، پراٹھے یا چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔
توری کے چھلکوں کے کباب
اجزاء: توری کےچھلکے آدھا کلو یا حسبِ ضرورت، نمک کھانے کا آدھا چمچ، سُرخ مرچ کا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، بُھنا اور کٹا ہوا دھنیا ایک کھانے کا چمچ، بُھنا اور کٹا ہوا زیرہ ایک کھانے کا چمچ، پیاز 2عدد (چھوٹی اور باریک کٹی ہوئی)، املی کا پیسٹ 2سے 3کھانے کے چمچ، بیسن یا کارن فلور بائنڈنگ کے لیے، اُبلے ہوئے آلو 2عدد، انڈا ایک عدد، کوکنگ آئل فرائی کرنے کے لیے۔
ترکیب: سب سے پہلے توری کو اچّھی طرح دھو کر چِھیل لیں اور توری کی سبزی اپنی پسند کے مطابق تیار کرلیں۔ پھر توری کے چھلکوں کو باریک کاٹ کر آلو کے ٹکڑوں کے ساتھ اُبال لیں اور جب یہ نرم ہوجائیں، تو پانی نتھار کر انہیں اچّھی طرح میش کرلیں۔
اب ان میں نمک، سُرخ مرچ، دھنیا، زیرہ، پیاز، املی کا پیسٹ اور بیسن یا کارن فلور شامل کرکے اچّھی طرح مکس کریں اور دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ تیار مکسچر سے کباب بنا کر انڈے میں ڈبوئیں اور سنہری ہونے تک فرائی کریں۔ لیجیے، مزے دار توری کے چھلکوں کے کباب تیار ہیں، اِنہیں املی کی چٹنی کے ساتھ سَرو کریں۔
لوکی کا رائتہ
اجزاء: لو کی آدھا کلو، سبز مرچ (بڑی والی)10عدد، سبز دھنیاآدھی گڈی، نمک حسبِ ضرورت، دہی ایک پاؤ، کوکنگ آئل بگھار کے لیے، کڑی پتّاحسبِ ضرورت، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ۔
ترکیب: پہلے مرحلے میں لوکی کو چِھیل کر بڑے بڑے ٹکڑوں میں کاٹیں اور تھوڑا سا پانی ڈال کر اُبال لیں۔ جب لوکی گَل جائے اور پانی خُشک ہوجائے، تو اُسے ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب لوکی، سبز مرچ، سبز دھنیا اور نمک ملا کر پِیس لیں اور پھر اس میں دہی شامل کرکے اچّھی طرح پھینٹ لیں تاکہ رائتہ ہم وار ہوجائے۔
پھر ایک چھوٹے سے فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور سفید زیرے اور کڑی پتّے کا بگھار لگا کر رائتے پر ڈال دیں اور تاثیر میں بہت ٹھنڈا لوکی کا رائتہ کھانوں کے ساتھ پیش کریں۔