طوبیٰ زینب مغل، کوٹ غلام محمّد، میرپورخاص
عیدِ قرباں اور ضیافت گویا لازم و ملزوم ہیں اور اگر دسترخوان ذائقے اور روایت کے امتزاج پر مبنی پکوانوں سےسجا ہو، تو مہمان نوازی کا لُطف دوبالا ہو جاتا ہے۔ بیف پلاؤ، نرم و ملائم کوفتے، مٹن وائٹ قورما، چپلی کباب اور دودھ دُلاری نہ صرف ذائقے میں منفرد ہیں بلکہ ہماری خُوب صُورت ثقافت کی جھلک بھی پیش کرتے ہیں۔ تو آج ہم آپ کی خدمت میں مذکورہ بالا لذیذ و ذائقے دار ڈِشز ہی کی تراکیب پیش کررہے ہیں۔ عید الاضحیٰ کے پُرمسرّت موقعے پر ان ریسپیز کو ضرور آزمائیں اور دسترخوان کی رونق ہی نہیں، خاندان میں اپنی شان بھی بڑھائیں۔
اجزاء (گوشت کے لیے): بیف ایک کلو، پیاز دو عدد (باریک کٹی ہوئی)، لہسن (3 جوے)، نمک حسبِ ذائقہ یا ایک چمچ، ثابت کالی مرچ ایک چائے کا چمچ، زیرہ ایک چائے کا چمچ، بڑی الائچی دو عدد، دارچینی دو ٹکڑے، لونگ چار سے پانچ عدد، سونف ایک چائے کا چمچ، پانی حسبِ ضرورت۔
اجزاء ( چاول کے لیے): چاول ایک کلو( بھگوئے ہوئے)، پیاز ایک عدد (کٹی ہوئی)، سلہری مرچ چار عدد، دہی آدھا کپ، خوردنی تیل ایک کپ، لہسن، ادرک پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، نمک نصف کھانے کا چمچ یا حسبِ ذائقہ، کیوڑا ایسینس ایک چائے کا چمچ، ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک برتن میں گوشت، پیاز، لہسن، نمک اور تمام ثابت مسالا جات ڈالیں اور پھر اس میں اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت ڈوب جائے۔ اب گوشت کو نرم ہونے تک پکائیں۔ پھر یخنی چھان کر گوشت الگ کرلیں۔ اب دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز کو سُنہری ہونے تک فرائی کریں اور پھر اس میں گرم مسالا اور گوشت شامل کر کے پانچ منٹ بُھونیں۔
اگلے مرحلے میں اس میں سبز مرچ، نمک اور دہی ڈال کر بُھونیں اور پھر بھگوئے ہوئے چاول شامل کردیں۔ پھر چاولوں سے دُگنی مقدار میں یخنی شامل کریں اور اُس وقت تک درمیانی آنچ پر پکائیں کہ پانی خُشک ہوجائے۔ اب کیوڑا ایسینس کو چاولوں پر ڈالیں اور 15منٹ تک دَم پر رکھیں۔ لیجیے، گرما گرم، مزے دار بیف پلاؤ تیار ہے۔ سلاد، رائتے کے ساتھ مہمانوں کو پیش کریں۔
اجزاء (کوفتوں کے لیے ): مٹن قیمہ ایک کلو، پیاز (باریک کٹی ہوئی) دو عدد، سبز مرچ (باریک کٹی ہوئی) چھےسے سات عدد، سبز دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گڈی، سُرخ مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، پسا گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا (کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک چائے کا چمچ، انڈے دو عدد، بادام پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ۔
اجزاء(یخنی کے لیے ): پانی دو سے تین گلاس، پیاز (بڑے اور کٹے ہوئے) تین عدد، لہسن6 ،7 جوے، ثابت گرم مسالا (ایک ٹکڑا دارچینی، ایک بڑی الائچی، دو چھوٹی الائچی، چارلونگ، آٹھ کالی مرچ) نمک تھوڑا سا۔
اجزاء(گریوی کے لیے): تیل ایک کپ، پیاز دوعدد، ٹماٹر دو عدد، دہی (پھینٹا ہوا)ایک پاؤ، سُرخ مرچ پائوڈر ایک کھانےکا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، ادرک، لہسن پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا آدھا چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک بڑے برتن میں قیمہ ڈالیں اور اس میں کٹے ہوئے پیاز، سبز مرچیں، سبز دھنیا، سُرخ مرچ، نمک، ہلدی، گرم مسالا، کُٹا ہوا ثابت دھنیا، ادرک، لہسن کا پیسٹ، انڈے اور بادام شامل کردیں۔ اب ان تمام اشیاء کو ہاتھ کی مدد سےآٹھ سے دس منٹ تک اچھی طرح مکس کریں۔
پھر ہاتھ پر ہلکا سا تیل لگا کر چھوٹے چھوٹے کوفتے بناکے پلیٹ میں رکھ لیں۔ اب ایک دیگچی میں دو سے تین گلاس پانی ڈالیں اور اس میں پیاز، لہسن اور تمام ثابت گرم مسالاجات شامل کردیں۔ پانی ابلنے لگے، تو آنچ درمیانی کردیں۔
اب ایک ایک کرکے احتیاط سے کوفتے ڈالیں تاکہ وہ ٹوٹیں نہیں اور پھر آٹھ سے دس منٹ تک پکائیں۔ جب کوفتے پک جائیں، تو نکال کر فرائی کرلیں۔ اب ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور پیاز ڈال کر سُنہری ہونے تک فرائی کریں۔ پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کرکے بُھونیں، پھر ٹماٹر اور مسالے ڈال کر تیل اوپر آجانے تک بُھونیں۔
اس کے بعد پھینٹا ہوا دہی شامل کرکے بُھونیں۔ فرائی کیے ہوئے کوفتے گریوی میں رکھ دیں اور ہلکی آنچ پر 10منٹ تک دَم دیں۔ آخر میں کٹی سبز مرچ، ادرک، سبز دھنیے اور بادام سے گارنش کرکے نان یا روٹی کے ساتھ سرو کریں۔
اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، کوکنگ آئل ایک کپ، پیاز تین عدد، ادرک، لہسن پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، دہی (پھینٹا ہوا) ایک کپ، فریش کریم آدھا کپ، سفید مرچ پاؤڈر ڈیڑھ کھانے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، بڑی الائچی دو عدد، سبز الائچی چھے عدد، لونگ چھے عدد، زیرہ ایک چائے کا چمچ، جائفل جاوتری آدھا چائےکا چمچ، گارنشنگ کے لیے پسے ہوئے بادام10عدد، ادرک (باریک کٹی ہوئی)، سبز مرچ (باریک کٹی ہوئی)،ثابت گرم مسالا، سبز دھنیا اور تھوڑے سے بادام۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک برتن میں گوشت، آدھا لیٹر پانی اور دو عدد لہسن ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنا رکھ دیں۔ جب پانی خُشک ہو جائے اور گوشت گَل جائے، تو چولھے سے اُتارلیں۔ اب ایک پتیلے میں تیل گرم کریں اور اس میں ثابت گرم مسالا اور پیاز ہلکا سُنہری ہونے تک فرائی کرلیں۔
اس کے بعد ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کریں اور دو سے تین منٹ بُھونیں، پھر گوشت ڈال کراچھی طرح بُھونیں۔ اب نمک، سفید، کالی مرچ، دھنیا پاؤڈر اور بادام پاؤڈر شامل کریں اور پانچ منٹ تک بُھونیں۔
پھر پھینٹا ہوا دہی اور کریم شامل کریں اور تین سے چار منٹ تک ہلکی آنچ پر دم دیں۔ آخر میں باریک کٹی ہوئی ادرک، بادام، ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر گارنش کریں۔ لذیذ وائٹ قورما روغنی نان یا چپاتی کے ساتھ سرو کریں۔
اجزاء: کم چربی والا مٹن قیمہ (باریک پسا ہوا) ایک کلو، پیاز دو عدد درمیانی (باریک کٹی ہوئی)، ٹماٹر دو درمیانے (باریک کٹے ہوئے)، سبز مرچ 10عدد (باریک کٹی ہوئی) سبز دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گڈی، پودینا (باریک کٹا ہوا) دو کھانے کے چمچ، اناردانہ ایک کھانے کا چمچ، زیرہ ایک چائےکا چمچ، سُرخ مرچ دو کھانے کے چمچ، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈیڑھ کھانے کا چمچ، انڈا (ہاف فرائیڈذرا سا) ایک عدد، کوکنگ آئل فرائنگ کے لیے۔
ترکیب: ایک پیالے میں مٹن قیمہ ڈالیں اور اس میں پیاز، ٹماٹر، سبز مرچیں، ہرا دھنیا، پودینا، ادرک، لہسن کا پیسٹ، اناردانہ، ثابت دھنیا، زیرہ، لال مرچ، کالی مرچ، گرم مسالا اور نمک ڈال کر اچّھی طرح ملا لیں، پھر ہاف فرائی انڈا شامل کریں۔
اب ہاتھوں کو ہلکا سا گیلا کریں اور بڑے چپٹے کباب بنا کر درمیانی آنچ پر دونوں طرف سے سُنہری اور کرسپی ہونے تک فرائی کریں۔ خستہ، مزے دار چپلی کباب نان، رائتے، سلاد اور چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
اجزاء: دودھ ایک لیٹر، چینی آدھا کپ یا حسبِ ذائقہ، ونیلا کسٹرڈ پاؤڈر تین کھانے کے چمچ، سویّاں (اُبلی ہوئی) ایک کپ، سُرخ اور سبز جیلی (کیوبز کی شکل میں) ایک ایک پیکٹ، فروٹ کاک ٹیل ایک کپ، کیلے (سلائسز میں کٹے ہوئے) دو عدد، سیب (چھوٹے چھوٹے کیوبزمیں) ایک عدد، بادام، کاجو، پستہ اور کشمش حسبِ ضرورت، سبز الائچی تین عدد، کریم ایک کپ۔
ترکیب: پہلے مرحلے میں دودھ کو اُبال آنے تک پکائیں پھر آدھا کپ ٹھنڈے دودھ میں کسٹرڈ پاؤڈر مکس کریں اور اس مکسچر کو دودھ میں ہلکے ہاتھ سے چمچ ہلاتے ہوئے ڈالیں، ساتھ ہی چینی بھی شامل کردیں۔ اب اسے ہلکی آنچ پر دودھ گاڑھا ہونے تک پکائیں۔
اس کے بعد چولھے سے اُتار کر ٹھنڈا کریں اور ٹھنڈے کسٹرڈ میں ایک پیکٹ کریم پھینٹ کر مکس کرلیں۔ اگلے مرحلے میں کسٹرڈ میں سویّاں، جیلی، فروٹ کاک ٹیل، پھل اور ڈرائی فروٹ ڈال کر مکس کریں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ دو سے تین گھنٹے بعد ٹھنڈی ٹھنڈی دودھ دُلاری سَرو کریں۔