• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سحری اور افطاری کے دستر خوان کی شان چٹ پٹے اور منفرد پکوان

عظمیٰ صدیقی

رمضان کی آمد آمد ہے ہمیں اُمید ہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی آپ نے سحری اور افطاری کا دستر خوان منفر د پکوانوں سے سجانے کا ارادہ کیا ہوگا، ہم نے سوچا کیوں نہ رمضان شروع ہونے سے قبل آپ کے چٹ پٹے کھانوں کی فہرست میں مزید اضافہ کردیں۔ 

ذیل میں سحری اور افطاری کے چند منفرد پکوانوں کی تراکیب موجود ہیں، انہیں آزما کر سحری اور افطاری کے دستر خوان کی شان بڑھائیں اور مزہ دوبالا کریں۔

تندوری پراٹھا

اجزا: آٹا ایک کپ، میدہ ایک کپ، خمیر ایک چائے کا چمچہ، نمک دو چائے کے چمچے، گھی، مکھن حسب ِضرورت۔

ترکیب: آٹا، میدہ، خمیر، نمک اور پسی چینی مکس کرکے پانی سے گوندھ کر بیس منٹ کے لئے ڈھک کر رکھ دیں۔ پیڑہ بنا کر روٹی بیل لیں۔ تیل لگا کر روٹی کو رول کرلیں۔ اب جلیبی کی طرح پیڑہ بنائیں۔ دو بارہ روٹی بیل کر اوون میں 200ڈگری پر رکھیں اور دس منٹ تک پکائیں۔ ایک حصہ پک جائے تو دوسرا حصہ پکالیں۔ مزے دار تندوری پراٹھا تیار ہے۔

چٹ پٹا آملیٹ

اجزا: انڈے پھینٹے ہوئے دو عدد، پیاز درمیانے سائز کی د و عدد، لہسن ایک جوا (موٹا کوٹا ہوا)، ہری مرچ دو عدد باریک کٹی ہوئی، ٹماٹر باریک کٹا ہوا ایک عدد، آلو اُبالا ہوا ایک عدد (چور ٹکڑے کرلیں )، ہرا دھنیا چند پتے، پسا ہوا زیرہ۔

ترکیب: دو کھانے کے چمچے تیل گرم کر یں اور اس میں پیاز، آدھی چائے کا چمچ زیرہ (پسا ہوا) لہسن، سبز مرچ اور دھنیا فرائی کر یں۔ چمچے سے تھوڑا تھوڑا گرائنڈ کر یں۔

ٹماٹر اور آلو زیادہ گرائنڈ نہ کر یں۔ تیز آنچ پر پھینٹے ہوئے انڈے شامل کر کے ڈھک دیں۔ جب ہلکا ہلکا براؤن ہونے لگے تو چولہا بند کردیں۔ سرو کرتے وقت کتری ہوئی سبز مرچ سے آرائش کریں۔

انڈے اور آلو کے کباب

اجزا: انڈے تین عدد(ابال کر لمبائی میں دو دو حصے کرلیں)۔ آلو چار عدد(اُبال کر میش کر لیں)، بریڈ کرمز ایک پیالی، تیل حسب ِضرورت، سبز دھنیا (باریک کٹا ہوا)، دو عدد انڈوں کی سفیدیاں (اچھی طرح پھینٹ لیں )، نمک اور کالی مرچ حسب ِذائقہ۔

ترکیب: میش کئے ہوئے آلوؤں میں نمک اور کالی مرچ ملائیں، پھر اس میں ابلے ہوئے انڈوں پر آلو کا آمیزہ لگائیں۔ انڈوں کی سفیدیاں اس وقت تک پھینٹ جب تک کہ جھاگ اٹھ آئے۔ انڈوں کو سفیدی میں ڈبوئیں، پھر ان کے اوپر بریڈ کرمز لگا کر گرم تیل میں تل کر سنہر اکر لیں۔ دھنیے سے سجا کر گرم گرم پیش کریں۔ پراٹھے سے مزےسے کھائیں۔

سبزی کے پکوڑے

اجزا: آلو کوچھیل کر بالکل باریک باریک کاٹ لیں۔ اسی طرح پھول گوبھی کے بھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ گوبھی کے ڈنڈھل کو چھری سے آلوئوں کی طر ح کاٹ لیں ،بینگن دھوکر چھیل لیں اور چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ 

درمیانے سائز کی پیاز باریک کاٹ لیں، بند گوبھی کے تھوڑے سے لچھے کاٹ لیں، ہرا دھنیا، پودینا اور سبز مرچیں حسب ِضرورت لے لیں۔

ترکیب: تیار کی ہوئی ساری سبزیاں ملا لیں۔ بیسن میں حسب ِذائقہ سر خ مرچ اور نمک شامل کرکے سبزیوں میں ملا لیں، سبزیوں میں بیسن ہلکا سا ہی لگائیں، زیادہ بیسن لگانے سے پکوڑے سخت ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد بیسن ملی ہوئی سبزیوں میں ایک چائے کا چمچہ گرم گھی اور میدہ شامل کرلیں۔

ایک چٹکی بینکنگ سوڈا بھی ملا لیں۔ یہ سب ملانے کے بعد بیسن کو اچھی طر ح پھینٹیں۔ ہلکی سی پانی کی چھینٹں مار دیں۔ یاد رکھیں زیادہ پانی نہیں شامل کریں۔

اب تیل گرم کریں اور درمیانی آنچ پر پکوڑے تلیں۔ پکوڑے تلتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ تیل زیادہ گرم نہ ہو۔ پہلے تیز آنچ پر تیل گرم کریں، بعد میں دھیمی کردیں، اس طر ح سبزیاں نرم ہو جائیں گی۔

تکہ سموسہ

اجزا: چکن بریسٹ دو عدد، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، تکہ مسالہ دو سے تین کھانے کے چمچے، سموسہ پٹی دس عدد، انڈہ ایک عدد (پھینٹا ہوا)، لہسن ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ِضرورت۔

ترکیب: چکن بریسٹ پر اچھی طرح تکہ مسالہ لگا کر ایک گھنٹے کے لئے میری نیٹ کر لیں۔ ایک پین میں دو سے تین کھانے کے چمچے تیل گرم کرکے اس میں چکن شامل کرکے پکائیں یہاں تک کہ چکن گل جائے۔ اب اسے فوڈ پروسیسر میں پیس لیں اور باقی کے تمام اجزاء بھی شامل کردیں۔

پھر سموسہ پٹی میں چکن مکسچر رکھ کر سموسہ کی شکل میں فولڈ کریں اور انڈے کی مدد سے کناروں کو بند کر لیں۔ گرم تیل میں سنہرا ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ افطاری میں کیچپ کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

ما ش کی دال کے بڑے

اجزاء: ماش کی دال ڈیڑھ کپ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل فرائی کے لیے، دہی ایک کلو، املی کی میٹھی چٹنی حسبِ ضرورت، ناریل پسا ہو، ہرا دھنیا آدھی گڈی باریک کٹا ہوا، نمک ایک چائے کا چمچہ، لال مر چ ایک چائے کا چمچہ،چاٹ مصالحہ ایک کھانے کا چمچہ، بگھار کے لیے تیل دو کھانے کے چمچے، رائی ایک کھانے کا چمچہ،کڑی پتے چند عدد۔

ترکیب: ماش کی دال کو دو سے تین گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر اس کا پانی نکال کر پیس لیں، دال بالکل باریک نہ ہو تھوڑی سی دانے دار رہنی چاہیے، اب اس میں نمک ملا دیں، پھر کڑھائی میں تیل گرم کرکے بڑے بڑے پکوڑے بالکل ہلکے ہاتھ سے ڈال کر فرائی کرلیں۔ جب گولڈن ہوجائیں تو نکال کر کھلے برتن میں پانی میں ڈالتے جائیں، اس کے بعد دہی میں صرف چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔ 

ایک ڈش لیں اور پکوڑوں کو دونوں ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبا کر پانی نچوڑ لیں۔ اس کے بعد ڈش میں یہ پکوڑے رکھیں اور اوپر سے دہی ڈال دیں پھر اس پر املی کی چٹنی ناریل، نمک، لال مرچ، چاٹ مسالہ، بگھار اور ہرا دھنیا ڈال کر سرو کریں۔مزیدار ماش کے دہی بڑے تیار ہے۔