• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دستر خوان افطار: لذیذ، خستہ پکوانوں سے سجائیں

عبدالماجد، راول پنڈی

رضائے الہٰی کےحصول کے لیے دِن بَھر اکل و شُرب سے دُور رہنے کے بعد افطار کے وقت ہر روزے دار کی خواہش ہوتی ہے کہ اُس کا دستر خوان اللہ تعالیٰ کی عنایت کردہ گوناگوں نعمتوں سے سجا ہو، جب کہ سحر و افطار میں مختلف اقسام کے پکوانوں کا اہتمام ایک حسین روایت بھی ہے، جس کی تکمیل کے لیے خواتین ماہِ صیام میں خصوصی عبادات کے علاوہ کچن میں بھی گھنٹوں مصروف رہتی ہیں۔

اور پھرجب اہلِ خانہ کو اپنے ہاتھ سے بنے کھانوں سے لطف اندوز ہوتا دیکھتی ہیں، تو گویا اُن کی تمام ترتھکن کافور ہوجاتی ہے۔ افطار کی اِسی دل فریب روایت کو زندہ رکھنے کے لیے آج ہم رائس فلیکس کٹلٹس، چکن فرائیڈ رائس، آلو کے لذیذ کبابوں اور آلو، پالک کے کرسپی پکوڑوں کے تراکیب پیش کر رہے ہیں۔ ضرور ٹرائی کریں اور بچّوں، بڑوں کے دل جیت لیں۔

رائس فلیکس کٹلٹس

اجزاء: رائس فلیکس دو کپ، اُبلے ہوئے آلو دو عدد (درمیانے)، کٹی ہوئی سبز مرچ ایک عدد، باریک کٹا ہوا پیاز آدھا کپ، باریک کُٹا ہوا دھنیا دو کھانے کےچمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ پاؤڈرآدھا چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر (اختیاری) آدھا چمچ اور کوکنگ آئل۔

ترکیب: سب سے پہلے رائس فلیکس کو نیم گرم پانی میں 5 سے7 منٹ کے لیے بھگودیں تاکہ وہ نرم ہوجائیں۔ اب ان کا پانی نکال دیں اور ایک بڑے پیالے میں نرم رائل فلیکس، اُبلے ہوئے آلو، پیاز، سبزمرچ، دھنیا، نمک اورمرچیں اچھی طرح مکس کریں۔

مکسچر کو ہاتھ سے دبا کر چھوٹے چھوٹے کٹلٹس کی شکل دے لیں۔ ایک کڑاہی میں کوکنگ آئل گرم کریں اور اس میں کٹلٹس کو گولڈن براؤن ہونے تک دونوں طرف سے فرائی کرلیں۔ لیجیے، گرماگرم رائس فلیکس کٹلٹس تیار ہیں۔ اِنہیں چٹنی یا ساس کےساتھ افطار میں سَرو کریں۔

چکن فرائیڈ رائس

اجزاء: اُبلا ہوا چکن (چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کی شکل میں) ایک پاؤ، اُبلے ہوئے چاول 750گرام، چائنیز نمک ایک کھانے کاچمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، کالی مرچ (پسی ہوئی) دو چمچ، سفید مرچ ایک چمچ، گاجر(باریک کٹی ہوئی) دوعدد، بندگو بھی آدھی، سبز پیاز (باریک کٹی ہوئی) آدھا پاؤ، شملہ مرچ تین عدد، انڈے (پھینٹے ہوئے) دو عدد اور کوکنگ آئل پانچ سے چھے کھانے کے چمچ۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک بڑے سے فرائی پین میں تیل گرم کریں اور پھینٹے ہوئے انڈوں کو ہلکا سا فرائی کرنے کے بعد نکال کر الگ کر لیں۔ پھر اِسی پین میں تھوڑا سا تیل مزید شامل کرکےگاجر، بند گوبھی، شملہ مرچ اور ہری پیاز ڈال کرچند منٹ بھونیں۔ 

اب چکن کے اُبلے ہوئے ٹکڑے شامل کریں اور دو سے تین منٹ تک پکائیں۔ پھراس میں اُبلے ہوئے چاول ڈالیں اورتمام اجزاء کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کے بعد سویا ساس، سرکہ، چائنیز نمک، نمک اور مرچیں ڈال کر درمیانی آنچ پر پانچ سے سات منٹ تک پکائیں۔ آخر میں فرائی کیے ہوئے انڈے مکس کریں اور گرم گرم چکن فرائیڈرائس دستر خوان پر پیش کریں۔

آلو کے کباب

اجزاء: اُبلے ہوئے آلو چار عدد (درمیانے سائز کے)، باریک کٹا ہوا پیاز ایک عدد، سبز مرچ (باریک کٹی ہوئی) ایک عدد، دھنیا (باریک کٹا ہوا) دو کھانے کے چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر آدھا کھانے کا چمچ، کالی مرچ آدھا کھانے کاچمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کارن فلور یا بریڈ کرمز دوکھانے کے چمچ، کوکنگ آئل تلنے کے لیے۔

ترکیب: سب سے پہلے اُبلےہوئے آلو اچّھی طرح میش کرلیں۔ پھر اِن میں پیاز، سبز مرچ، دھنیا، نمک اور تمام مسالاجات شامل کرکے اچّھی طرح مکس کریں۔ اب کارن فلور یا بریڈ کرمز ڈال کر وہ بھی مکس کرلیں۔ 

پھر ہاتھ سے چھوٹے کباب بنائیں اور توے پر تیل گرم کر کے باری باری دونوں طرف سے سُنہری ہونے تک تَل لیں۔ لیجیے، لذیذ کباب تیار ہیں۔ ہری چٹنی یا کیچ اپ کے ساتھ پیش کریں۔

آلو، پالک کے پکوڑے

اجزاء: آلو (باریک قتلے) دو عدد درمیانے سائز کے، پالک (باریک کٹی ہوئی) ایک کپ، بیسن ایک کپ، چاول کا آٹا دو کھانے کے چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر آدھا کھانے کا چمچ، ہلدی ایک چوتھائی چائےکاچمچ، اجوائن آدھا چائےکا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پانی حسبِ ضرورت، کوکنگ آئل تلنے کے لیے۔

ترکیب: پہلے مرحلے میں ایک پیالے میں بیسن، چاول کا آٹا، نمک، سُرخ مرچ، ہلدی اور اجوائن مکس کریں۔ پھر اس مکسچر میں پالک اور آلو شامل کریں اور تھوڑا تھوڑا پانی ڈال کر گاڑھا آمیزہ بنا لیں۔

اب ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں اور اس میں چمچ سے آمیزہ ڈال کر درمیانی آنچ پر پکوڑے سنہری اور خستہ ہونے تک تَلیں۔ لیجیے آلو، پالک کےکرسپی پکوڑے تیار ہیں۔ چٹنی یا کیچ اپ کے ساتھ افطار دسترخوان کی زینت بنائیں۔

سنڈے میگزین سے مزید
کھانا خزانہ سے مزید