قراۃ العین فاروق، حیدر آباد
کبھی کسی میٹھی ڈِش کی دل آویز مہک بچپن کی حسین یادیں تازہ کردیتی ہے، تو کبھی کسی چٹ پٹی چاٹ یا خستہ فرائز کا ذائقہ اہلِ خانہ کو ایک ہی میز کے گرد خوش گپیوں میں مصروف کرتا ہے۔ درحقیقت، محبّت و خلوص سے تیار کیا گیا کھانا محض بُھوک مٹانے کا ذریعہ ہی نہیں بنتا، رشتوں میں اپنائیت و قُربت کی مٹھاس بھی گھول دیتا ہے۔
اسی ذائقے دار گھریلو روایت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے آج چند ایسی آزمودہ اور لذیذ تراکیب شایع کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف آسانی سے تیار ہوں گی بلکہ اپنے منفرد ذائقوں کی بدولت ہر عُمر کے افراد کو بے حد بھی پسند آئیں گی۔
روایتی مٹھاس سے لب ریز گِلتی چاول ہوں یا خوش بُو سے مہکتا بیسن کا حلوا، چٹخارے دار ٹماٹر کی چٹنی، سُنہری خستہ فرائز، لذیذ چکن برگر ہو یا غذائیت سے بھرپور لال لوبیے کی چاٹ… ہر ترکیب ہی اپنی جگہ ذائقے، خوش بُو اور انفرادیت کا ایک دِل کش امتزاج ہے۔
عام گھریلو اجزاء سے تیار ہونے والی یہ تمام ڈِشز روزمرہ کھانوں، شام کی چائے کے ساتھ، بچّوں کی فرمائشوں کی تکمیل، مہمان نوازی یا کسی بھی خوشی کے موقعے کے لیے منفرد انتخاب ثابت ہوں گی، تو آپ کے دسترخوان کو ایک نئی دِل کشی بھی عطا کریں گی۔
گِلتی چاول
اجزاء: سیلا چاول ایک گلاس، دودھ کی بالائی تقریباً ڈیڑھ پیالی، چینی پون پیالی، سبز الائچی تین عدد (کھول کر ڈالیں)، لونگ 3 دانے، دارچینی ایک چھوٹا سا ٹکڑا، دودھ تین سے چار کھانے کے چمچ، کھوپرا تھوڑا سا (باریک کاٹ لیں)۔
ترکیب: سب سے پہلے چاول اُبال لیں اور اُبالتے وقت ان میں لونگ اور دارچینی بھی ڈال دیں۔ پھر چھلنی کے ذریعے پانی نکال کر چاول الگ کرلیں۔ اب ایک پین میں دُودھ کی بالائی، چینی اور سبز الائچی ڈال کر اُس وقت تک پکائیں، جب تک یہ کھویا نہ بن جائے۔ کھویا تیار ہوجائے، تو اس میں اُبلے ہوئے چاول ڈال دیں اور ساتھ ہی دُودھ کا چھینٹا دے کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس کے بعد تھوڑی دیر دَم پہ رکھیں اور آخر میں اوپر سے کٹا ہوا کھوپرا ڈال دیں۔ لیجیے، مزے دار، خوش ذائقہ گِلتی چاول تیار ہیں۔
لال لوبیے کی چاٹ
اجزاء: لال لوبیا ایک کپ، آلو ایک عدد، دہی پانچ کھانے کے چمچ، ہرا دھنیا آدھا کپ، سبز مرچ ایک عدد، لہسن دو جوے، نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، ہلدی ایک چُٹکی، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، پسا ہوا گرم مسالا ایک چُٹکی، میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے لال لوبیے کو نمک اور میٹھا سوڈا ڈال کر اُبال لیں اور ایک الگ برتن میں آلو کو بھی کیوبز کی شکل میں کاٹ کر نمک ڈال کر ابال لیں۔ جب دونوں اجزاء تیار ہو جائیں، تو ان کا پانی چھان لیں۔ اس کے بعد دہی میں سارے مسالے، دھنیا، سبز مرچ اور لہسن وغیرہ شامل کرکے چاپر میں ڈال کے رائتہ بنا لیں اور یہ رائتہ لال لوبیے اور آلوؤں میں ڈال کر اچّھی طرح مکس کرلیں، لذیذ چاٹ تیار ہے۔
بیسن کا حلوا
اجزاء: بیسن ایک پیالی، دودھ ڈیڑھ پیالی، پانی ڈیڑھ پیالی، چینی پون پیالی، گھی یا تیل پون پیالی، الائچی تین عدد ( کھول کر ڈالیں) بادام اور پسا ہوا کھوپرا گارنشنگ کے لیے۔ (نوٹ: جس پیالی سے بیسن کی پیمائش کریں، اُسی سے باقی اجزاء بھی ماپیں۔)
ترکیب: ایک پین میں گھی یا تیل ڈالیں اور ساتھ ہی الائچی بھی شامل کردیں۔ پھر بیسن ڈال کر اچھی طرح بُھونیں۔ بیسن بھُن جائے، تو چولھا بند کردیں۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ دُودھ، پانی اور چینی ڈال کے انہیں اچّھی طرح آپس میں مِکس کرلیں۔
اب چولھے کو دوبارہ تھوڑی تیز آنچ کرکے جلائیں اور اس میں مسلسل چمچ ہلاتے رہیں۔ پانچ منٹ بعد چولھے کی آنچ تھوڑی ہلکی کردیں اور بُھونتے جائیں۔ جب حلوے کا گھی نکل آئے اور وہ پین کےدرمیان میں سمٹ جائے، تو سمجھ لیں کہ حلوا تیار ہے۔ اب اسے بادام اور پسے ہوئے کھوپرے سے گارنش کرکے سَرو کریں۔
برگر
اجزاء: بون لیس چکن آدھا کلو ( چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں) آلو ایک کلو، پیاز ایک عدد( باریک کاٹ لیں) سبز مرچ تین عدد (باریک کاٹ لیں)ہرا دھنیا آدھی پیالی، ایک عدد بڑے لیموں کا رس، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی کالی مرچ حسبِ ذائقہ، سویا سوس دو کھانے کے چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، چلی سوس دو کھانے کے چمچ، ہلدی ایک چُٹکی، انڈے دو عدد، بریڈ کرمبز، کیچپ ، مایونیز اور برگر بنز حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے آلوؤں کو چِھیل کر اُبال لیں اور ساتھ ہی نمک اورہلدی بھی ڈالیں۔ جب آلونرم ہو جائیں، تو نمک، پسی ہوئی کالی مرچ، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس شامل کرکے اچّھی مکس کرلیں۔ اب ایک پین میں صرف دو کھانے کے چمچ تیل ڈالیں اور تیل میں ادرک، لہسن کا پیسٹ اور سبز مرچیں ڈال کر ایک منٹ تک بھونیں۔
اس کے بعد چکن ڈال کر اس وقت تک پکائیں، جب تک پانی خشک نہ ہوجائے۔ اس کے بعد سارے ساسز، تھوڑا سا نمک اور کالی مرچ ڈالیں۔ جب چکن تقریباً پک جائے، تو آخر میں پیاز ڈال کرایک سے دو منٹ تک پکائیں۔ اب چکن کو آلوؤں میں اچھی طرح مکس کرلیں اور اس کے کباب بنا کر انڈا اور بریڈ کرمبز لگا کر تَل لیں۔ برگربنز میں کباب رکھیں اور اوپر سے کیچپ اور مایونیز کی لیئرز لگا دیں۔ لیجیے، مزے دار برگرز تیار ہیں۔
فرائز
اجزاء: آلو ایک کلو، چاول کا آٹا تین سے چار کھانے کے چمچ، نمک ڈیڑھ چائے کا چمچ، کالی مرچ (پسی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، اجوائن ایک چُٹکی، ادرک پاؤڈر ایک چُٹکی، لہسن پاؤڈر ایک چُٹکی، اوریگانو آدھا چائے کا چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے آلوؤں کو چپس کی شکل میں کاٹنے کے بعد اُبال لیں۔ اُبالتے وقت ان میں ایک چمچ نمک اور آدھا چمچ پسی ہوئی کالی مرچ ڈال دیں۔ دس منٹ تک اُبالنے کے بعد آلوؤں کو چھلنی میں رکھ کر پانی نکال لیں اور ٹھنڈا کرلیں۔ پھر آلوؤں میں سارے مسالے اور چاول کا آٹا ڈال کر اچّھی طرح مکس کریں اور پین میں تیل گرم کر کے فرائی کرلیں۔ لیجیے، بہترین خستہ خستہ فرائز تیار ہیں۔
ٹماٹر کی چٹنی
اجزاء: ٹماٹر چھے سے سات عدد، پیاز ایک عدد (باریک کاٹ لیں)، سبز مرچ دو عدد، نمک حسبِ ذائقہ، پسا ہوا گرم مسالا دو چُٹکی، بُھنا اور پسا ہوا زیرہ (آدھا چائے کا چمچ) دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہلدی دو چُٹکی، اجوائن ایک چُٹکی، انار دانہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ، قصوری میتھی آدھا چائے کا چمچ، لہسن پاؤڈر چوتھائی چائےکا چمچ، تیل تین کھانے کے چمچ۔
ترکیب: ایک فرائنگ پین میں تیل لے کر پیاز ڈالیں اور اُنہیں ہلکا سا نرم کرلیں۔ پھر ان میں کَٹے ہوئے ٹماٹر، تمام مسالا جات، سبز مرچیں اور آدھے گلاس سے کم پانی ڈالیں اور پکنے کے لیے رکھ دیں۔
اس دوران تھوڑے تھوڑے وقفے سے چمچ ہلاتے اور چمچ سے ٹماٹر کو دباتے بھی رہیں تاکہ ٹماٹر ایک جگہ جمع نہ ہوں۔ یہاں تک کہ تیل اوپر آجائے، تو سمجھ لیں، ٹماٹر کی چٹنی تیار ہے۔