راولپنڈی (طاہر خلیل) چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوامی حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دینگے، بھارت کے زیرِ سرپرستی سرگرم دہشت گرد تنظیموں کیخلاف مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیگی اور دہشت گرد جہاں کہیں بھی ہونگے، انہیں بھرپور اور سخت ضرب لگائی جائیگی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔اس موقع پرانھیں موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے انہیں خطرات کے موثر تدارک کیلئے چوکنا رہنے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم بھارت کے زیرِ سرپرستی سرگرم دہشت گرد تنظیموں کیخلاف مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور وہ جہاں کہیں بھی ہوں، انہیں سخت ضرب لگائیں گے۔ سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دیگا۔کور ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر پشاور کور نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔