کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں پولیس مقابلوں کا سوئچ آن ہو گیا،پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 3 ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ 9 زخمیوں سمیت 10 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا،گزشتہ روز بھی شہر میں پولیس مقابلوں میں 8 ملزمان مارے گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق شہر میں پولیس مقابلوں کا سوئچ آن ہو گیا ہے۔فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس نے شہید ملت روڈ ہل پارک کے قریب مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا ۔ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت صابر عرف باس احمد ولد عبدالحق اور محمد شعیب ولد محمد شفیق کے ناموں سے کی گئی ۔ملزمان سے سے دو نائن ایم ایم پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، کار جیمر ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔پولیس کے مطابق ملزمان فشری میں 1 کروڑ 55 لاکھ جبکہ فیروزآباد میں 78 لاکھ کی واردات میں ملوث تھے۔ہلاک ڈکیت کراچی میں ہونے والی متعدد ہائی پروفائل ڈکیتیوں میں ملوث تھے۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کا گینگ کراچی میں ڈکیتیوں اور کار اسنیچنگ میں سرگرم تھا۔ہلاک ملزم صابر محمودآباد میں اپنی سالی کو قتل کرنے میں بھی ملوث تھا۔ہلاک دونوں ملزمان کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔ سچل پولیس اور شاہین فورس کا سر سید چوک کے قریب ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا۔پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس جوان بروقت موقع پر پہنچے اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت محمد یونس اور زخمی کی حکمت اللہ کے نام سے ہوئی۔ملزمان سے دو غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، موٹر سائیکل اور چھینے گئے متعدد موبائل فونز و کیش برآمد کیا گیا۔نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 11/G منگل بازار کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک کو ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت مولیٰ بخش ولد خدا داد کے نام سے کی گئی ۔ گرفتار ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔بن قاسم پولیس نے اسٹیل مل پل کے نیچے واقع نجی کمپنی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس شناخت محمد زاہد ولد محمد شعبان کے نام سے کی گئی ۔گرفتار ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی ۔اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ مخدومیہ اسکول کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت زاہد علی ولد بابو جان کے نام سے کی گئی۔ گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز اور کیش رقم برآمد کی گئی ۔حیدری مارکیٹ پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک جی پرائیوٹ اسکول کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ڈاکو کی شناخت شاہ رخ ولد طارق کے نام سے کی گئی ، گرفتار ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم رآمد کی گئی ۔سرجانی ٹاؤن پولیس نے لیاری تیسر ٹاؤن عرض بروھی گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت عمر ولد شام الرحمان کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ڈاکو نے پولیس کو اپنا نام محمد الیاس ولد سعید احمد بتایا۔گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، کیش رقم اور ایک کار برآمد کی گئی ۔ گلبرگ پولیس نے فیڈرل بی ایریا بلاک 5 غوثیہ مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت کامران پرویز ولد زبیر حسین کے نام سے کی گئی ۔گرفتار ڈاکو سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔شاہراہ فیصل پولیس نے ڈرگ روڈ انڈر پاس کے قریب مبینہ مقابلے میں ارسلان نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرکےاس کے قبضے سےاسلحہ، ایمونیشن، شہری سے چھینا گیا موبائل فون اورنقدی برآمد کرلی ۔ملزم کے زیر استعمال موٹرسائیکل کو ضابطے کےتحت پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ شرافی گوٹھ تھانے کے علاقے ملیر ندی بند کے قریب پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرارہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور نقدی برآمد کرلی گئی زخمی ملزم کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی شناخت عزیر شاہ ولد تاجیر شاہ کے نام سے کی گئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا ہے جبکہ اس کے فرار ساتھی کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔دوسری جانب شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود میں گزشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کی شناخت اسامہ ولد حبیب کے نام سے کی گئی،ہلاک ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ۔ملزم کراچی کے مختلف تھانوں گلبرگ، رضویہ،عزیزآباد اورمبینہ ٹاؤن شامل ہے کی حدود میں پولیس مقابلوں اورڈکیتی جیسے سنگین مقدمات میں ملوث رہا ہے۔