• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیوی ٹیکس، تحریک کا تیسرا مرحلہ، جماعت اسلامی کے ملک بھر میں دھرنے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف پریس بریفنگ اور ٹی ایم نیو کراچی ٹاؤن کے تحت شیخ سعدی ماڈل اسکول کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں 150سے زائد مقامات پر دھرنوں اور مظاہروں سے پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے،ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم کیا جائے۔ حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو اسلام آباد لانگ مارچ کا بھی اعلان کریں گے۔ پاکستانی شہری ایک لیٹر پیٹرول پر80روپے لیوی سمیت تقریباً 130 روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں،جو یہ حکومت کی معاشی دہشت گردی ہے،اگر یہ ٹیکس ختم کردیا جائے تو پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے سے زائد کمی ہوسکتی ہے، ملک میں تقریباً ڈھائی کروڑ افراد موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں، حکومتی ریلیف پیکج اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔ عوام بدترین مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہیں، لیکن بدقسمتی سے کوئی سیاسی جماعت اس سنگین مسئلے پر مؤثر آواز اٹھاتی نظر نہیں آتی۔ جماعت اسلامی نے مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی، دھرنے دیے اور احتجاج کیا۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، کراچی کے عوام اب اپنے مسائل کا حل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی چاہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید