• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادتی کیس، جج کو رشوت کی بات نظام انصاف پر سنگین سوال، مریم نواز

کراچی(ٹی وی رپورٹ ) غیر ملکی خاتون ڈیانا کی جانب سے مبینہ زیادتی کیس میں ملزم احمد تنویر کو بے گناہ قرار دینے کے بیان کی خبر کے بعد  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ زیادتی کے ایک حالیہ مقدمے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے امیر خاندان نے مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کو اپنے الزامات واپس لینے کے بدلے میں ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے ،حالانکہ دفعہ 164کے تحت متاثرہ خاتون کا بیان پہلے ہی قلمبند کیا جاچکا تھا ۔مریم نواز نے کہا کہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جس جج نے زیادتی کیس میں ملزم کی ضمانت منظور کی ہے اسے بھی رشوت دی گئی تھی ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ہیں تو اس سے نظام انصاف کی دیانتدار ی پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں،یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ زیادتی کا شکار ہونے والی خواتین مالی دباؤ اور طاقت کے غلط استعمال کے سامنے کس قدر غیر محفوظ ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ ایسے مقدمات پر گہری نظر رکھیں گی تاکہ یقینی بناسکیں کہ زیادتی کرنے والا کوئی بھی مجرم پیسے،اثر و رسوخ اور تعلقات کے بلبوتے پر گرفت سے بچ نہ سکے ،انصاف کبھی بھی بکنے کی چیز نہیں ہونا چاہئے اور کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہئے۔دوسری جانب  متاثرہ خاتون  ڈیانا نے اپنے نئے ویڈیو بیان اورایمبیسی کے ذریعے بھیجی دستاویز میں ملزم احمد تنویر کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی سے احمد تنویر کا کوئی تعلق نہیں۔
اہم خبریں سے مزید