اسرائیلی انتخابات سے محض نو روز پہلے "شیطن یاہو" نے اسرائیلی قومی سیکیورٹی ڈاکٹرائن اور گریٹر اسرائیل کا ایک نقشہ پیش کیا ہے جو مئی 2026 میں جرمنی کی ایک سیاسی این جی او نے بنایا تھا۔ اس نقشے کو پیش کرنے کے وقت و انداز سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ وزیراعظم اسرائیل کی جانب سے مستقبل کی قومی سیکیورٹی پالیسی ہے۔ مزید برآں اسرائیلی حکومت کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق اس سیکیورٹی پالیسی کی تیاری میں نیشنل سیکیورٹی کونسل نے بھی حصہ لیا تھا۔ اس ویب سائٹ کے مطابق متذکرہ پالیسی کا مقصد اسرائیل کو مستقبل میں ایک بڑی عسکری طاقت بنانے، ٹیکنالوجی میں اپنی برتری برقرار رکھنے، ہتھیاروں اور اسلحہ کے معاملے میں مکمل خود انحصاری، دشمن کے ممکنہ حملوں کا ادراک کر کے حملے میں پہل کر کے دشمن کا سر کچلنے اور اپنی بقاء کے لیے نئے اتحاد بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نقشہ مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے کچھ علاقوں کو ایک دوسرے سے متحارب اور پیچیدہ معاملات کے حوالے سے منقسم دکھاتا ہے جبکہ اسرائیل اور عرب امارات کے تعلقات کو "ہیکساگون اتحاد" بتاتا ہے۔ مزید ایک چار فریقی اتحاد کو "سنی ڈائمنڈ اتحاد" قرار دیتا ہے جس میں سعودی عرب، ترکیہ ، مصر اور پاکستان شامل ہیں۔ تاہم مصر کے علاوہ تین فریقین کا تو باہمی دفاعی معاہدہ "مکہ معاہدہ" اگست میں ہو چکا ہے۔ نقشے سے واضح ہوتا ہے کہ اسرائیل خود کو مستقبل میں درپیش مسائل کے تناظر میں نئے اتحاد قائم کرنا اور اپنے سے متحارب گروہوں کے درمیان بفر زون بنانا چاہتا ہے، اس کے علاوہ غزہ اور لبنان میں اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے بھی وہ بفر زون بنانا ناگزیر سمجھتا ہے۔ اب اسرائیل سمجھ چکا ہے کہ اپنی سرحدوں کی حفاظت اور خطے میں مسلسل جنگوں میں الجھنے سے گریٹر اسرائیل بنانا ممکن نہ ہوگا نہ لمبے عرصے تک بنا امریکی تعاون اسکی بقاء کی ضمانت ہوگی۔ لہٰذا اسے خطے کے مخصوص ممالک اور غیر ریاستی باغی گروہوں سے نئے اتحاد بنانے ہوں گے۔ اپنی عسکری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کے لیے "شیطن یاہو" نے امریکی طرز پر "پری ایمٹو ڈاکٹرائن" کا سہارا لیا ہے جس کے مطابق وہ کسی انقلابی یا سرپھرے ملک پر پیشگی حملہ کر کے اس کی سرکوبی کر سکے گا۔ اس ڈاکٹرائن کے مدِنظر اسرائیل کی مسلسل عسکری جارحیت سے خطے میں چپقلش اور نسل کشی کی مہمات میں غیر معمولی اضافہ یقینی ہے۔
نقشے میں اسرائیل ریاستوں سے ہٹ کر غیر ریاستی گروہوں و علیحدگی پسندوں کو بھی اپنا دوست بتاتا ہے جیسے سوڈان، لیبیا، ایتھوپیا، سومالی لینڈ، پنٹ لینڈ، دروز اور دیگر ریاستی علاقوں پر قابض باغی گروہ وغیرہ۔ یوں اسرائیل صرف اپنے مفاد کے لیے ببانگِ دہل اقوامِ متحدہ کی تسلیم کردہ ریاستوں کے غیر تسلیم شدہ باغی گروہوں سے اتحاد قائم کرے گا۔ اس سال کے شروع ہی میں "شیطن یاہو" نے اسرائیل، ہندوستان، یونان، سائپرس، چند عرب، افریقی اور ایشیائی ممالک کا خطے کی بنیاد پرست اور انتہا پسند ریاستوں کے خلاف اتحاد قائم کرنے کا اشارہ دیا تھا۔ درحقیقت ایسے اتحاد ایران، حزب اللہ، یمن کے انصار اللہ اور عراق کو اسرائیل کے خلاف اپنا مؤقف مضبوط کرنے کا جواز فراہم کریں گے۔ البتہ یہ بھی سچ ہے کہ اسرائیل کسی صورت خطے میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے، توسیع پسندانہ اقدامات اٹھانے اور مسلمانوں کی نسل کشی کرنے کے مذموم مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان ممالک کو ایران کی پراکسی کہا جاتا ہے جو کہ حقیقت کے برعکس ہے کیونکہ ان ممالک کی اپنی آزاد پالیسیاں، اپنے علیحدہ ملکی مفادات اور علیحدہ تاریخی پس منظر اورحقائق ہیں۔ ادھر "شیطن یاہو" کے انتخابی مخالفین کے مطابق اس موقع پر نقشہ پیش کر کے "شیطن یاہو " اسرائیلی ووٹر کے دل میں خطے کے دیگر ممالک کے خلاف نفرت، خوف اور غیریقینی کیفیت کو بڑھاوا دینا چاہتا ہے۔ وہ اپنے عوام کو باور کرانا چاہتا ہے کہ تمام تر خامیوں، برائیوں اور کوتاہیوں کے باوجود وہ ہی بیک وقت امریکی انتظامیہ، امریکی صدر اور دیگر ممالک کو قابو کر سکتا ہے۔ خطے کی باریکیوں اور پیچیدگیوں کا ادراک رکھتے ہوئے صرف وہ ہی ہر روز کے ابھرتے نئے مسائل سے نبرد آزما ہو سکتا ہے۔
چین کے سی پیک کے مقابلے میں تجارت کا ایک نیا متبادل "آئی میک "راستہ ہے جو امریکہ کا تجویز کردہ ہے۔ یہ راستہ ہندوستان سے یورپ تک فوجیرہ متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ سے ہوتا، براستہ سعودی عرب و اردن ، اسرائیلی بندرگاہ ہائفہ تک پہنچ کر ،اس سے آگے یورپ تک کی تجارتی راہداری بنانے کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کو ہندوستان میں 2023 کے جی 20 کے اجلاس میں پیش کیا گیا تھا لیکن معاشی، سیاسی اور جغرافیائی طور پر ناقابلِ عمل ہونے کے باعث اسے سرد خانے میں ڈال دیا گیا تھا۔ حالیہ نقشہ کی رونمائی اس راستے کو ایک بار پھر منظر عام پر لے آئی ہے۔ لگتا ہے کہ اسرائیل امریکہ کے تجویز کردہ راستے میں جان ڈالنے کی کوشش سے چین کے (بی آر آئی) بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں خلل پیدا کر کے امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اسرائیل کو ادراک ہوگیا ہے کہ امریکہ کا خطے سے جانا ٹھہر گیا ہے۔ اب امریکہ کے پہلے سے حالات رہے ہیں نہ اب امریکی عوام کو مظلوم صیہونیوں کی جھوٹی کہانی مزید بک سکتی ہے۔ سوشل میں لاکھ خرابیاں اور برائیاں رہی ہوں لیکن فلسطین اور غزہ کے حالات سے دنیا بھر کو بروقت آگاہی دینے کا سہرا بھی سوشل میڈیا کے سر ہی جاتا ہے جس نے صیہونیوں کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آج ہٹلر کے جرمنی کی طرح مغرب میں عام لوگ صیہونیوں کے خلاف ہو چکے ہیں۔ ان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کرتے، انہیں نسل کش، معصوم بچوں کے قاتل، جابر و ظالم گردانتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ میں جہاں "شیطن یاہو" کا کھڑے ہو کر استقبال کیا جاتا تھا اب اسرائیلی وزیراعظم کے سٹیج پر آتے ہی 90 فیصد ممالک واک آؤٹ کر جاتے ہیں۔ پاکستان کا مؤقف روزِ اول سے ہی واضح ہے کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست اسے کسی صورت قابلِ قبول نہیں نہ ہی وہ اسے تسلیم کرے گا۔ تاہم ہمیں اسرائیل سے بہت محتاط رہنا ہوگا کیونکہ وہ ہمارے ازلی دشمن ہندوستان کا دیرینہ ساتھی بھی ہے اور اسی سے مل کر پاکستان میں مسلسل دہشت گردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ دنیا میں نظریاتی بنیادوں پر آج صرف دو ملک ہی قائم ہیں۔ ایک 1947 میں پاکستان کے نام سے جمہوری طریقے سے وجود میں آیا اور دوسرا 1948 میں اسرائیل، مظلوم فلسطینیوں کی حق تلفی کر کے، ان کے گھروں اور کاروباروں پر دھوکے سے قبضہ کر کے، نقبہ کے ذریعے! 27 رمضان المبارک کے روز وجود
میں آنے والے ملک کی تقدیر میں امت کی نمائندگی اور اسلام کی سربلندی کے لئے توفیق لکھی ہے، جلد یا بدیر! انشاء اللّٰہ!
؎زمانہ اب بھی نہیں جس کے سوز سے فارغ
میں جانتا ہوں وہ آتش ترے وجود میں ہے