لاہور (آصف محمود بٹ) سول سروسز اکیڈمی نے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن رمدے کی چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تدریسی خدمات، قانونی رہنمائی اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کے افسران کی پیشہ ورانہ تربیت میں نمایاں کردار کے اعتراف میں اپنے پی اے ایس کیمپس لاہور میں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) کا خصوصی بلاک ان کے نام سے منسوب کر دیا۔ جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن رمدے نے ہفتے کے روز بلاک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے ان کی تدریسی خدمات، قانونی رہنمائی اور سابق فوجی حکمران جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں دباؤ کے سامنے اصولی مؤقف پر ڈٹے رہنے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس رمدے سے حاصل ہونے والے اسباق اور ان کی قانونی رہنمائی آج بھی ان کے ذہن میں نقش ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے کہا کہ انہیں آج بھی یاد ہے کہ جسٹس خلیل الرحمٰن رمدے نے سول سروسز اکیڈمی میں انہیں ضابطۂ فوجداری (سی آر پی سی) پڑھایا تھا، جس کے اسباق آج تک ان کے ذہن میں محفوظ ہیں۔ انہوں نے بالخصوص جسمانی ریمانڈ سے متعلق لیکچرز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جسٹس رمدے سے نہ صرف اکیڈمی میں بلکہ عملی زندگی میں بھی بہت کچھ سیکھا۔ڈاکٹر توقیر شاہ نے کہا کہ جسٹس خلیل الرحمٰن رمدے جس طرح سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کے دور میں دباؤ اور جبر کے سامنے ڈٹے رہے، وہ تاریخ کا حصہ ہے۔