• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں پروفیشنل ہونا بعض معاملات میں بہت بڑی بداخلاقی سمجھی جاتی ہے۔اگر آپ پروفیشنل وکیل ہیں تو آپ کے اکثراحباب کی خواہش ہوگی کہ آپ ان کا کیس فری میں لڑیں۔جونہی آپ پیسے مانگیں گے آپ پر افسوس کا اظہار کیا جائے گا اور لالچی کا لیبل لگ جائیگا۔ ہم غیر لوگوں کو بخوشی پیسے دے کر موبائل ٹھیک کروا لیتے ہیں لیکن یہی کام اگر کوئی اپنا کرے تو اسے تھپکی دے کر نکل جاتے ہیں۔ آپ کا کوئی ریسٹورنٹ ہے تو آپ کے جاننے والوں کو یہی اُمید ہوتی ہے کہ آپ اُن سے کھانے کے پیسے نہیں لیں گے۔ پیسے لے لئے تو یاری دوستی کیسی؟ اس صورتحال کا سامنا سب سے زیادہ ڈاکٹرز کو رہتاہے۔ یہ جہاں بھی بیٹھتے ہیں کوئی نہ کوئی اِن سے اپنی صحت کے حوالے سے بات شروع کر دیتا ہے۔ ہم نے طے کرلیا ہے کہ کلینک سے باہر اگر کوئی ڈاکٹر نسخہ بتائے تو وہ فری ہوتاہے۔شاعر کا کام شعر سنانا ہے اُسے اسکے پیسے ہرگز نہیں مانگنے چاہئیں۔طبلہ بجانے والے کو پیسے سے کیا مطلب؟

کچھ شعبوں کو تو ہم ویسے بھی کام سمجھتے ہی نہیں۔ رائٹنگ کوئی کام نہیں۔ نفسیاتی مسائل کیلئے مشورہ دینا کوئی کام نہیں۔ گھر کیلئے نقشہ ڈیزائن کرنا کوئی کام نہیں۔گھر کی ڈیکوریشن کرنا کوئی کام نہیں۔ تعلیمی مشورے دینا کوئی کام نہیں۔ درخواستیں لکھنا کوئی کام نہیں۔ سرکاری فارم بھرنا کوئی کام نہیں …حتیٰ کہ ڈرامے میں ایکٹنگ کرنا بھی کوئی کام نہیں۔ آپ کبھی بینک میں جائیں تو وہ اس شرط پر اکاؤنٹ کھولتے ہیں کہ آپ کسی ادارے میں کام کرتے ہوں۔ ایک کالم سیلف ایمپلائڈ کا بھی ہوتا ہے لیکن اس میں بھی اوپروالے اکثر کام کسی کو سمجھ ہی نہیں آتے کہ اِنہیں کس کیٹگری میں ڈالیں۔آپ بینک میں جاکر بتائیں کہ میں شاعر ہوں یا ڈانسر ہوں اور اکاؤنٹ کھلوانا چاہتا ہوں تو وہ ہونقوں کی طرح آپ کو دیکھنے لگ جائیں گے بھلے آپ لاکھوں کماتے ہوں۔

٭٭٭

مزاح کے معیارات بہت بدل گئے ہیں۔ایک وقت تھا جب رنگیلا اسٹائل کی کامیڈی عروج پر تھی۔رنگیلا صاحب عجیب عجیب سے منہ بناتے تھے اور سینما ہال میں بیٹھے لوگ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوجاتے تھے۔ اسی دور میں منور ظریف، ننھا اور علی اعجاز بھی چھائے ہوئے تھے لیکن ان کے ہاں جملوں کی کامیڈی زیادہ تھی۔اسٹیج ڈراموں نے جگتوں کو عروج بخشا۔ٹی وی ڈراموں میں سٹ کام نے اپنی جگہ بنائی۔لیکن دھیرے دھیرے یہ سارا دور ختم ہورہاہے۔ اب اوور کامیڈی نہیں چلتی جس میں جملہ بھی مزاحیہ ہوتاہے، شکل بھی مزاحیہ ہوتی ہے اور ایکٹنگ بھی مزاحیہ۔اب لوگ کانٹینٹ پر توجہ دیتے ہیں، یوں کہئے کہ سیریس کامیڈی کا دور چل رہاہے۔ساری سچویشن کامیڈی ہے لیکن گفتگو ڈیم سیرئس ہورہی ہوتی ہے۔تصور کریں کہ دو دانشور بیٹھے ہوئے ہیں اور اس بات پر گفتگو ہورہی ہے کہ جھاڑومیں کتنے تنکے ہونے چاہئیں۔بلیک کامیڈی کہہ لیں یا کنفیوژڈ کامیڈی، اب یہی چلے گی۔وہ کامیڈی جس میں ہنستے ہنستے سانس پھول جائے وہ بہت سے جملوں کوضائع کرنے کا باعث بن جاتی ہے۔ کامیڈی کا اصول ہے کہ لوگوں کو ہنسنے سے لے کر دوبارہ نارمل ہونے تک کاپورا موقع دیا جائے اور جب وہ پوری طرح ریلیکس ہوجائیں تو اگلا جملہ انجوائے کرایا جائے۔ جب تابڑ توڑ جملے آتے ہیں تو ہنسی ہنسی میں بہت سے جملے نکل جاتے ہیں۔دوسری تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب لاؤڈ کامیڈی کی بجائے دلچسپ صورتحال پر زیادہ زور دیا جاتاہے۔یہ صورتحال سنجیدہ موضوعات میں بھی ہوسکتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایسے بہت سے کرداراور واقعات بکھرے پڑے ہیں جو بظاہر بہت سنجیدہ نظر آتے ہیں لیکن تھوڑا سا غور کریں تو ان میں ہنسنے کا پورا سامان موجودہوتاہے۔آپ بس میں بیٹھ کر کسی ایک سواری پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں تو کچھ دیر بعد اس کی حرکتیں آپ کو مسکرانے پر مجبور کردیں گی۔زندگی کے عام رویوں پر تھوڑی سی باریک نظر ڈالیں تو لطف نہ آئے تو پیسے واپس۔

٭٭٭٭

مجھے افسانہ نگاروں سے بہت شکوے ہیں۔ یہ افسانے لکھتے ہیں، کہانیاں بناتے ہیں، کتابیں چھپواتے ہیں اور بس۔ یہ آج تک پلاننگ ہی نہیں کرپائے کہ انہیں اپنی تحریروں سے پیسے کیسے کمانے ہیں۔کتاب لکھنے میں محنت نہیں ہوتی؟ تو پھراس کا معاوضہ کیوں نہیں ملتا؟ ہم اکثر سنتے ہیں کہ پبلشرز بیچارے رُل گئے ہیں۔کتاب کوئی نہیں خریدتا۔ لیکن کبھی سوچا ہے کہ اس ساری صورتحال کے باوجود پبلشر ز کتابیں کیوں چھاپ رہے ہیں؟ کاروبار بدل کیوں نہیں لیتے؟کیسی عجیب بات ہے کہ ایک کتاب کی اشاعت کے دوران کمپوزر کو بھی پیسے ملتے ہیں، کاغذ والے کو بھی پیسے ملتے ہیں، پرنٹنگ والے کو بھی پیسے ملتے ہیں، بائنڈر کو بھی پیسے ملتے ہیں لیکن جس نے وہ کتاب لکھی ہوتی ہے وہ منہ تکتا رہ جاتاہے۔ہمارے رائٹرز کا المیہ ہے کہ اکثرکو صرف اس بات سے غرض ہوتی ہے کہ بس ان کی کتاب شائع ہوجائے، وہ صاحب کتاب ہوجائیں۔ سو اِس وقت کتابیں دھڑا دھڑ شائع ہورہی ہیں لیکن مصنفین دھنیا پی کر سوئے ہوئے ہیں۔اسی رویے نے لوگوں کو مفت خورے بنا دیا ہے۔اگر آپ کی تحریر میں دم ہے تو اس کا معاوضہ وصول کریں اور ڈٹ کے کریں۔ کوئی نہیں دیتا تو کتاب دینے سے انکار کردیں اور ذاتی پیسے لگا کر کتاب چھپوانے سے تو حتی الامکان گریز کریں۔

کتاب کا شائع ہونا فرض نہیں۔دنیا بھرمیں پی ڈی ایف فارمیٹ میں کتابیں آرہی ہیں۔جس نے آپ کو پڑھنا ہوگا ہر صورت پڑھے گا اور جس نے نہیں پڑھنا اسے کتاب مفت بھی پیش کردیں گے تو وہ چار صفحے بھی کھول کر نہیں دیکھے گا۔فی زمانہ صاحب نصاب ہونا صاحب کتاب ہونے سے زیادہ ضروری ہے۔یہ آ پ کا فن ہے اور فن مفت میں بانٹنے والی چیز نہیں ہوتا۔تحریر کی قیمت پیسوں میں نہ ملے تو کسی ایسی صورت میں ملناضروری ہے جو پیسوں کے برابر ہو، ورنہ سب بیکار ہے۔

تازہ ترین