یہ چکر بھی عجیب ہے۔ فرض کیا سیب اگر دو سو روپے کلو تھے تو اب پانچ سو روپے کلو ہیں۔جو بندہ تین سو روپے زیادہ دے کرایک کلو سیب خریدتاہے وہ اپنی جوتیوں کی دکان پر ہر جوتی پر تین سو روپے بڑھا دیتاہے۔ جو بندہ جوتی خریدتا ہے وہ اپنے سیلون پرہیئرکٹنگ کا ریٹ تین سو روپے بڑھا دیتاہے۔جو بندہ تین سو روپے زیادہ دے کر بال کٹواتاہے وہ پہلی فرصت میں اپنی ایل پی جی کی دکان پر ریٹ میں تین سو روپے کا اضافہ کرلیتاہے۔ پھل والا وہاں سے سلنڈر بھروانے آتاہے اور تین سو روپے زائد دے کر چلا جاتاہے۔
بات گھوم پھر کر وہیں آجاتی ہے۔کاروباری لوگ اپنا نقصان پورا کرنے کا ہنر جانتے ہیں، تماشا تنخواہ دار کا لگتاہے جسے ہر جگہ تین سو روپے زائد دینے پڑتے ہیں۔بظاہر تنخواہ دار بندہ سب کو اچھا لگتاہے۔ لگے بندھے پیسے مل جاتے ہیں لیکن یہ پیسے وقت کے ساتھ ساتھ بڑھنے کی بجائے کم ہوتے چلے جاتے ہیں اسی لیے آپ کو زیادہ تر چھوٹے تنخواہ دار لوگ پارٹ ٹائم آن لائن موٹر سائیکل سروس دیتے نظر آتے ہیں۔ اس وقت ہر بندہ سروائیول کی جنگ لڑرہا ہے اور یہ طے پاچکا ہے کہ ایک نوکری سے کام نہیں چل سکتا۔ دو نوکریاں تو عام ہیں بلکہ کئی تو تین تین نوکریاں بھی کر رہے ہیں۔
ایسے بیچارے نے کیا سونا ہے، کیا جاگنا ہے اور زندگی میں کیا سوچنا ہے؟ذمہ دار مرد سے پوچھیں گے تو اسے زبانی یاد ہوگا کہ فریج میں انڈے کتنے باقی بچے ہیں،گھی کتنا باقی ہے، آٹاکتنا رہ گیا ہے اور بل کی آخری تاریخ کیا ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جن کے سروں پر چھ چھ کھانے والوں کا بوجھ ہے اسی لیے گھرمیں بوکھلائے پھرتے ہیں اور فالتو لائٹس اور پنکھے بند کرتے نظر آتے ہیں۔بیدل حیدر ی مرحوم کا بعینہ صورتحال پر ایک شعر ہے کہ ’زندگی دوسرے گزارتے ہیں؍ہم تو بس ہاتھ پاؤں مارتے ہیں‘۔ یہ ہاتھ پاؤں مارنے کی جدوجہد انسان سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت چھین لیتی ہے۔بڑے سے بڑا طرم خاں بھی معاشی حالات کی چکی میں پس کر بھیگی بلی بن جاتاہے۔سڑکوں پر ایکسیڈنٹ کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا مخبوط الحواس ہوجانا بھی ہے۔ خیالوں کے انبار میں الجھے ہوئے نکلتے ہیں اور گاڑی یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے بھی ذہن گھریلو حساب کتاب میں الجھا رہتاہے۔
٭ ٭ ٭
میرا ایک دوست سرمایہ کاروں کے بہت خلاف ہے۔ میں نے ایک دن پوچھا کہ میرے منہ میں خاک، اگر تمہارے پا س اچانک پانچ کروڑ آجائیں تو تم کیا کرو گے؟ خوشی سے بولا کہ پانچ پانچ مرلے کے دومکان خرید کر کرائے پر چڑھا دوں گا۔ میں نے سرہلایا’یعنی سرمایہ منجمد‘۔ یہی سوچ 90فیصد عام انسانوں کی ہے۔ دعائیں دیجئے سرمایہ کاروں کو جو فیکٹریاں لگاتے ہیں، کارخانے لگاتے ہیں، صنعتیں لگاتے ہیں اور کروڑوں لوگوں کے روزگار کا باعث بنتے ہیں۔ ہم سب کسی نہ کسی سرمایہ کار کی وجہ سے زندگی کی گاڑی چلا رہے ہیں لیکن گالیاں پھر بھی سرمایہ کار کو دیتے ہیں۔اگر یہ سرمایہ کار ہماری طرح گھر خرید کر کرائے پر چڑھانا شروع کر دیں تو پتا ہے کیا ہوگا؟ پرائیویٹ تنخواہ دار طبقہ خو د کشیوں پر مجبور ہوجائے گا۔ کئی مثالیں سامنے ہیں۔ کتنے ہی نیوز چینلز بند ہوچکے ہیں۔ یہ سب سرمایہ کاروں نے ہی شروع کیے تھے لیکن جب نقصان حد سے بڑھا تو انہوں نے بند کردیے۔اس کے باوجود اِن میں کام کرنے والے صحافی آج سوشل میڈیا پر التجائیں کرتے ہیں، تنظیمیں احتجاج کرتی ہیں کہ ’مالکان‘ نے یہ اچھا نہیں کیا۔ بندہ پوچھے کیا اچھا نہیں کیا؟
کیا یہ ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ بھاری نقصان برداشت کرتے اور سب کا خرچہ اٹھائے رکھتے۔ہم سب جب کوئی ملازم رکھتے ہیں تو اپنا بجٹ دیکھ کر رکھتے ہیں۔ کیا یہ ممکن ہے کہ ہماری معاشی حالت پچاس ہزار ماہانہ پر آجائے لیکن چالیس ہزار کا ڈرائیور پھر بھی رکھا ہوا ہو؟خود دس منٹ میں فیصلہ کرگزرتے ہیں لیکن سرمایہ کار سے ہماری توقع ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف ایسے فیصلے سے باز رہے بلکہ ہمیں زندگی بھر پالے۔
٭ ٭ ٭
پرانی انڈین فلمیں دیکھیں تو ان میں پورے ’مخرج‘ کے ساتھ اُردو چھائی ہوئی نظر آتی ہے۔امیتابھ، دلیپ کمار، راجیش کھنہ، رشی کپور وغیرہ کو کبھی ’فانسی، کھبردار، جمین، فنس گیا وغیرہ نہیں بولتے دیکھا ہوگا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ وہاں تو یہ زبان عام ہوہی گئی ہے اپنے ہاں بھی یہی تماشا لگ گیا ہے۔’خ‘ بولنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا جارہاہے۔ایک صاحب سے ملاقات ہوئی جو فرما رہے تھے کہ میں بہت کم خانہ خاتا ہوں۔یعنی کہیں ’خ‘ سِرے سے ہی غائب ہے اور کہیں زبردستی بولا جارہاہے۔ کئی لوگوں کو اپنے میٹرک کا نصاب یاد ہوگا۔ کیا وہ سوال آج کا بچہ جانتاہے؟
ہمارے دور میں بزرگ کہا کرتے تھے کہ ہمارے پرانے دور کامیٹرک آج کے ایم اے کے برابر ہے۔ تب ہمیں ہنسی آتی تھی لیکن اب ذرا اپنے میٹرک کا موازنہ آج کے ایم اے پاس سے کر کے دیکھیں۔اُردو کے جو اساتذہ کالجز، یونیورسٹیز میں پڑھا رہے ہیں ان میں سے اکثرکے پاس صرف ڈگری ہے۔کبھی کبھی تو دل چاہتا ہے کہ حکومت سے درخواست کروں کہ غریب اور معاشی حالات سے مجبور سینکڑوں شاعر ادیب ہیں جو اپنے فن میں طاق ہیں لیکن ڈگریاں نہیں رکھتے۔انہیں کالجز اور یونیورسٹیز میں بطور مہمان بلانے کی بجائے ملازمت دیں، یہ بچوں کو بہت اچھی اردو سکھا دیں گے۔
تعلیمی شرط نہ ہو تو یقین کریں یونیورسٹیوں کے لیے ایسے ایسے تجربہ کار لوگ سامنے آئیں جن کے سامنے ڈگریاں ہاتھ جوڑ کر کھڑی ہوجائیں۔ڈیجیٹل میڈیا کوپڑھانے کی ذمہ داری ڈگری ہولڈر کی ہونی چاہیے یا اُس کی جو چھ چھ چینل مونٹائز کرواکے انفلوئنسر کا خطاب پاچکا ہے؟۔زراعت پرپڑھالکھالیکچرار جو مرضی پڑھا لے لیکن جو چیز عملی کام کرنے والا کسان سکھائے گا وہ کوئی نہیں سکھا سکتا۔