• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی( خالد محبوب ۔۔۔اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، ہمارامطالبہ ہےکہ حکومت لیوی کا بتدریج نہیں بلکہ فوری خاتمہ کرے، ریلیف دینے کے نام پر لیوی سے جان نہیں چھڑائی جاسکتی۔ حکومت نے گزشتہ سال1567ارب روپے پیٹرولیم لیوی وصول کی اور ہر ماہ تقریباً 150ارب روپے وصول کررہی ہے، جبکہ عوام کو صرف 26ارب روپے کا ریلیف دیا جارہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ریلیف کا دائرہ کار 800 سی سی کے بجائے 1300 سی سی تک بڑھایا جائے اور کسانوں کے زیر استعمال ٹریکٹرز کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ لیوی ختم کرنے سے بڑی گاڑیوں کے مالکان کو فائدہ ہوگا، ہم کہتے ہیں کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر 200 روپے فی لیٹر لیوی عائد کردی جائے، اگر کوئی بڑی گاڑی رکھ سکتا ہے تو زیادہ لیوی بھی ادا کرے، اس طرح متوسط طبقے کے افراد پر لیوی کا بوجھ 30 سے 40 روپے فی لیٹر تک کم ہوسکتا ہے،ہمارا دو ٹوک مطالبہ ہے کہ آئندہ بجٹ میں پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کیا جائے، جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت ریلیف دینے اور ریفائنریوں سے کچھ بازپرس کرنے پر مجبور ہوئی ہے، لیکن یہ اقدامات ناکافی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ادارہ نورحق میں پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہدو دیگر امور کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کو سندھ کا حصہ تسلیم کرنے کی بجائے شہر کو صرف وسائل کے حصول کے لیے استعمال کرتی ہے، اسی لیے اہل کراچی اسے مسترد کرچکے ہیں۔ ایم کیو ایم بھی عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔ سندھ حکومت کے منصوبے التوا کا شکار ہیں، جبکہ شہر پانی کے بحران اور ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور یہاں ملک کی تمام اکائیوں سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں، انھوں نے کہا کہ اخباری رپورٹس کے مطابق رہائش کے اعتبار سے دنیا کے 173 بدترین شہروں کی فہرست میں کراچی 170ویں نمبر پر ہے۔

اہم خبریں سے مزید