• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بند مراد: کراچی کی پیاس بجھانے کی ایک قدیم کوشش

کراچی کی تاریخ میں بعض مقامات ایسے ہیں جو بظاہر خاموش اور گمنام دکھائی دیتے ہیں، لیکن ان کے سینے میں شہر کے ماضی کی کئی داستانیں پوشیدہ ہیں۔ دریائے حب کے کنارے سندھ بلوچستان کے سنگھم پر واقع قدیم بند مراد بھی ایک ایسا ہی تاریخی مقام ہے، جہاں پہنچ کر احساس ہوتا ہے کہ کراچی کی ترقی، اس کی آبادی کی ضروریات اور پانی کی تلاش کا سفر آج سے نہیں، بلکہ ڈیڑھ صدی سے بھی پہلے شروع ہوچکا تھا۔

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاون میں ہمدرد یونیورسٹی، منگھوپیر اور نادرن بائی پاس کے نزدیک یہ مقام کبھی قدرتی پانی ذخیرہ کرنے، زمینوں کو سیراب کرنے اور قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے اہمیت رکھتا تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس کی تاریخی حیثیت پس منظر میں چلی گئی۔ آج اس کے شکستہ پشتے اور باقیات ماضی کی ایک ایسی کوشش کی یاد دلاتے ہیں جس کا مقصد پانی کو محفوظ کرکے انسانی ضروریات کے لیے استعمال کرنا تھا۔

انیسویں صدی میں کراچی برطانوی ہندوستان کی ایک اہم بندرگاہ کے طور پر اُبھر رہا تھا۔ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے، بندرگاہ کی وسعت اور شہری آبادی میں اضافے نے صاف پانی کی فراہمی کو ایک سنگین مسئلہ بنادیا تھا۔ سمندر کے کنارے واقع ہونے کے باوجود شہر کو میٹھے پانی کے محدود ذرائع پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ بارشوں کی بے قاعدگی اور قدرتی آبی ذخائر کی کمی کے باعث بلدیاتی حکام کو پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل راستوں پر غور کرنا پڑا۔

1865ء کے لگ بھگ کراچی میں پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے میونسپل حکام اور تکنیکی ماہرین نے مختلف تجاویز پر غور کیا، ان میں دریائے سندھ سے شہر تک نہر نکالنے کا منصوبہ بھی شامل تھا، لیکن فاصلے، مالی اخراجات اور تعمیراتی مشکلات کے باعث اس پر عمل درآمد ممکن نہ ہوسکا۔

دو برس بعد شہر اور بندرگاہ کو پانی فراہم کرنے کے لیے مزید اسکیمیں زیرِ غور آئیں، انہی کوششوں کے دوران، خان بہادر مراد خان سے منسوب، حب ندی پر بند تعمیر کرنے کی تجویز سامنے آئی، جس کا بنیادی مقصد پانی ذخیرہ کرنا اور زرعی اراضی کو سیراب کرنا تھا۔

برطانوی دور میں ایک افغان ٹھیکیدار خان بہادر مراد خان کو 33 ہزار 719 ایکڑ اراضی بطور جاگیر دی گئی تھی۔ انہوں نے اپنی زمینوں کو آباد کرنے اور آب پاشی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دریائے حب پر پتھروں کا بند تعمیر کرنے کی اسکیم پیش کی۔

دریائے حب کا انتخاب اس اعتبار سے اہم تھا کہ یہ خطے کے قدرتی آبی نظام کا ایک نمایاں حصہ تھا۔ منصوبے کی منظوری کے بعد حب ندی کے کنارے تقریباً 30 لاکھ روپے کی لاگت سے 800 فٹ طویل اور 15 فٹ بلند بند ڈیم انجینئر مسٹر ای مولی کی نگرانی میں تعمیر کروایا تھا۔ اس بندکو خان بہادر مراد خان نے اپنے خرچہ سے بنایا تھا۔

لہذا اس اس ڈیم کا نام ’’مراد ڈیم‘‘ رکھا گیا۔بند مراد کی تعمیر بھی اسی قدرتی وسیلے سے فائدہ اٹھانے کی ایک کوشش تھی۔ اس زمانے میں جدید ڈیموں اور پانی ذخیرہ کرنے کے بڑے نظاموں کی سہولتیں میسر نہیں تھیں، اس لیے پتھروں کی مدد سے پانی روکنا اور اسے زمینوں کی آب پاشی کے لیے استعمال کرنا ایک قابلِ عمل طریقہ سمجھا جاتا تھا۔

سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کا پانی قدرتی گزرگاہوں سے بہتا ہوا بالآخر بحیرۂ عرب میں جا گرتا تھا۔ اس پانی کے قدرتی بہاؤ کو محفوظ کرکے کراچی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بند مراد کے مقام پر پتھروں سے ڈیم تعمیر کیا گیا۔ اس ڈیم نے اپنے عہد میں مقامی زرعی ضروریات پوری کرنے میں کردار ادا کیا۔

بند مراد کی تاریخ صرف انیسویں صدی کے اس ابتدائی منصوبے تک محدود نہیں۔ آزادی کے بعد بھی دریائے حب کے پانی سے فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف اسکیمیں تیار کی گئیں، 1950ء کی دہائی میں بند مراد خان آب پاشی اسکیم کو آگے بڑھایا گیا، جس کا مقصد کراچی ضلع میں تقریباً چار ہزار ایکڑ اراضی کو سیراب کرنا تھا، تاہم پانی ذخیرہ کرنے کی ناکافی گنجائش کے باعث یہ منصوبہ اپنی توقعات کے مطابق مؤثر ثابت نہ ہوسکا۔ بعد ازاں دریائے حب پر ایک بڑے ذخیرۂ آب کی ضرورت محسوس کی گئی۔

حب ڈیم کی تعمیر ستمبر 1963ء میں شروع ہوئی اور جون 1981ء میں مکمل ہوئی۔ اس منصوبے کا مقصد کراچی اور بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کو شہری، صنعتی اور زرعی ضروریات کے لیے پانی فراہم کرنا تھا۔ ڈیم کی تعمیر نے اس خطے میں آبی وسائل کے انتظام کو ایک نئے مرحلے میں داخل کیا، لیکن اس سے بند مراد کی تاریخی اہمیت کم نہیں ہوتی۔

کراچی سے 15 کلومیٹر شمال میں واقع اس ڈیم کا بڑا حصہ دریائے حب کے بہاؤ سے بہہ چکا ہے لیکن باقی ماندہ حصہ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ یہ ڈیم فن تعمیر کا شاہکار تھا۔آج بھی بند مراد میں جمع ہونے والے بارش کے پانی کو زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے کے علاوہ مبینہ طور پر ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے شہریوں کو گھروں تک بھی پہنچایا جا رہا ہے۔ اگر پانی کی باقاعدہ جانچ اور صفائی کے بغیر اسے پینے یا گھریلو استعمال کے لیے فراہم کیا جا رہا ہے تو یہ شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

بند مراد آج بھی کراچی کو اس کے ماضی سے جوڑنے والی ایک خاموش یادگار ہے۔ اس کے شکستہ پشتے صرف پتھروں کا ڈھیر نہیں، بلکہ اس عہد کی علامت ہیں جب پانی کو محفوظ کرنا، زمینوں کو آباد رکھنا اور شہر کی ضروریات پوری کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

اگر اس تاریخی مقام کی درست شناخت، تحقیق اور حفاظت کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں تو یہ آنے والی نسلوں کو کراچی کی آبی تاریخ کا ایک اہم باب سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے، ورنہ خدشہ ہے کہ شہر کی ترقی کی داستان میں پانی کے حصول کی یہ قدیم کوشش بھی وقت کی گرد میں ہمیشہ کے لیے گم ہوجائے گی۔

کولاچی کراچی سے مزید