• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر، ہزاروں عمارتیں تباہ حال، فرنیچر، چاردیواری سے محروم، یونیسیف رپورٹ نے حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی

سیتا روڈ (نامہ نگار: سید صداقت کاظمی) صوبہ سندھ میں تعلیمی نظام کی بدترین زبوں حالی، مجرمانہ عدم توجہی اور بنیادی سہولیات کے شدید فقدان کے باعث لاکھوں معصوم بچوں کا مستقبل تاریک ہو کر رہ گیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے برائے اطفال (یونیسیف) کی جانب سے جاری کردہ ہوشربا جائزہ رپورٹس نے سندھ حکومت کے تعلیمی اصلاحات کے تمام تر دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے، جس میں واضح نشاندہی کی گئی ہے کہ صوبہ سندھ میں 70لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ ضلع دادو اور سیتا روڈ سمیت دیہی علاقوں میں صورتحال انتہائی بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے۔رپورٹ اور زمینی حقائق کے مطابق حالیہ برسوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثر ہونے والے ہزاروں سرکاری اسکولوں کی عمارتیں طویل عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال بحال نہیں ہو سکیں۔ ضلع دادو، سیتا روڈ اور اس کے گردونواح کے متعدد گاؤں میں کئی سرکاری اسکول یا تو مکمل طور پر خستہ حالی اور کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں یا پھر وہاں پینے کے صاف پانی، باتھ رومز، فرنیچر اور چاردیواری جیسی بنیادی سہولیات سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔ چاردیواری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث دیہی والدین عدم تحفظ کے پیشِ نظر بالخصوص اپنی بچیوں کو اسکول بھیجنے سے کتراتے ہیں، جس سے شرحِ خواندگی مزید گر رہی ہے۔ اقوامِ متحدہ (یونیسیف) نے اپنی سفارشات میں دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ کمر توڑ غربت، بڑھتی ہوئی چائلڈ لیبر (مشقت) اور تعلیمی انفراسٹرکچر کی تباہی اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں خطرناک اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔"ہر سال تعلیم کے نام پر اربوں روپے کا بجٹ کاغذات کی نذر ہو جاتا ہے، مگر ضلع دادو اور سیتا روڈ کے گاؤں میں معصوم بچے کھلے آسمان تلے زمین پر بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور ہیں یا پھر غربت کے ہاتھوں چائلڈ لیبر کی چکی میں پس رہے ہیں۔ 70 لاکھ بچوں کا اسکولوں سے باہر ہونا حکمرانوں اور محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اہم خبریں سے مزید