پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں کی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کے لئے ایک بار پھر محکمہ صحت کو خط لکھ دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عامر تاج خان کی جانب سے ڈی جی ہیلتھ سروسز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ہیلتھ آفس نے تاحال سال 2026 کی جنرل کیڈر، مینجمنٹ کیڈر، ڈسٹرکٹ سپیشلسٹ اور ڈینٹل سرجن کی کوئی بھی سیینارٹی لسٹ جاری نہیں کی ہے۔ سینیارٹی لسٹ کے بغیر پروموشن کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا، جس کی وجہ سے صوبہ بھر کے ڈاکٹرز شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ آفس نے گریڈ 18 جنرل کیڈر کے سینئر میڈیکل آفیسرز کی عارضی سینیارٹی لسٹ آویزاں کی تھیں، جس پر اعتراضات جمع کرانے کا وقت بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اس پر اب تک 17 ڈاکٹرز نے اپنے اعتراضات ڈی جی ہیلتھ آفس میں جمع کرائے ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ آفس جلد از جلد اعتراضات سمیت کیس کو متعلقہ فورم یعنی سیکرٹری ہیلتھ آفس یا اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کو بھجوائے تاکہ اس بارے میں فیصلہ ہو اور میرٹ پر جلد از جلد ان کی حتمی سینیارٹی لسٹ شائع ہو جائے۔